’ارشد وارثی سے شادی کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کرنا‘، جیا بچن نے اداکار کی اہلیہ کو کیوں خبردار کیا؟

پیر 31 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بالی ووڈ اداکار ارشد وارثی نے انکشاف کیا ہے کہ لیجنڈری اداکارہ جیا بچن نے ان کی اہلیہ ماریا گورٹی کو شادی سے قبل اداکار سے شادی کے ممکنہ چیلنجز سے آگاہ کیا تھا۔

حال ہی میں ایک انٹرویو میں ارشد وارثی نے بتایا کہ جیا بچن نے ماریا سے اپنی ذاتی زندگی کے تجربے کی بنیاد پر گفتگو کی اور انہیں سمجھایا کہ کسی اداکار سے شادی کرنا زندگی کے مشکل ترین فیصلوں میں سے ایک ہوسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امیتابھ ہماری شادی کو زندگی کی سب سے بڑی غلطی کہیں گے، جیا بچن کا اعتراف

ارشد وارثی کے مطابق جیا بچن نے کہا تھا کہ ’زندگی میں سب سے مشکل کاموں میں سے ایک اداکار سے شادی کرنا ہے۔‘ انہوں نے ماریا سے یہ بھی پوچھا تھا کہ ’کیا آپ اس کے لیے تیار ہیں؟‘

اداکار نے بتایا کہ جیا بچن نے انہیں سمجھایا تھا کہ اداکار کا پیشہ عام ازدواجی زندگی سے مختلف ہوتا ہے کیونکہ کام کی نوعیت کے باعث انہیں اکثر دلچسپ اور خوبصورت لوگوں کے ساتھ وقت گزارنا پڑتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’میں شادی کے حق میں نہیں ہوں‘، جیا بچن کے تازہ بیان نے نئی بحث چھیڑ دی

ارشد وارثی نے کہا کہ جیا بچن کے مطابق ایسے حالات میں میاں بیوی کے درمیان محبت اور اعتماد عام رشتوں سے کہیں زیادہ مضبوط ہونا چاہیے تاکہ پیشہ ورانہ زندگی سے پیدا ہونے والی رکاوٹوں کو عبور کیا جاسکے۔

واضح رہے کہ جیا بچن اور امیتابھ بچن کی شادی 1973 میں ہوئی تھی اور ارشد وارثی اور ماریا گورٹی نے بھی 1999 میں شادی کی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp