نیویارک کے ٹائمز اسکوائر میں چاقو سے حملہ، 2 افراد ہلاک

منگل 1 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نیویارک کے سیاحتی مرکز ٹائمز اسکوائر میں چاقو سے حملے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور ایک خاتون زخمی ہوگئی، جبکہ پولیس کی فائرنگ سے حملہ آور خاتون بھی ہلاک ہوگئی۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق واقعہ پیر کے روز پیش آیا، حملہ آور کی شناخت 49 سالہ پامیلا سسنیروس کے نام سے ہوئی ہے، جو کوئنز کی رہائشی اور ذہنی صحت کے مسائل سے دوچار تھی۔

یہ بھی پڑھیں: نیویارک کے پین اسٹیشن پر چاقو سے حملہ، 6 افراد زخمی، ملزم گرفتار

پولیس کمشنر جیسیکا ٹش کے مطابق خاتون نے معروف سپر مارکیٹ کے لوگو والے بیگ سے 2 بڑے چاقو نکالے اور سرِعام راہگیروں کو دھمکانا شروع کردیا۔

حملہ آور نے پہلے 68 سالہ شخص کے پیٹ پر چاقو سے وار کیا، جس کے بعد 32 سالہ خاتون کو بھی پیٹ پر چاقو مارا گیا۔ زخمی خاتون بعد میں دم توڑ گئی، جبکہ دوسرے متاثرہ شخص کی حالت اسپتال میں مستحکم بتائی گئی ہے۔

پولیس نے موقع پر پہنچ کر خاتون کو چاقو پھینکنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی۔ پولیس کے مطابق اہلکاروں نے تقریباً 4 منٹ تک اس سے بات چیت کی اور متعدد بار ہتھیار چھوڑنے کا حکم دیا، تاہم اس نے انکار کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: لندن جانے والی ٹرین میں چاقو حملہ، 10 افراد زخمی، 2 گرفتار

پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون نے اہلکاروں کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ وہ چاقو نہیں چھوڑے گی اور دونوں اہلکاروں کو قتل کرنا پسند کرے گی۔

پولیس نے پہلے برقی جھٹکے دینے والے آلے کے ذریعے اسے قابو کرنے کی کوشش کی جو ناکام رہی، جس کے بعد اہلکاروں نے فائرنگ کردی۔ مقامی میڈیا کے مطابق حملہ آور کو اسپتال لے جایا گیا جہاں اسے مردہ قرار دیا گیا۔

نیویارک کے میئر زوہران ممدانی نے واقعے میں ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: تائیوان میں مسلح شخص کا چاقو سے شہریوں پر حملہ، 3 افراد ہلاک، 5 زخمی

پولیس کمشنر جیسیکا ٹش نے کہا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حملہ دہشتگردی نہیں تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp