امریکی ریاست نیویارک کے مصروف ترین ٹرانسپورٹ مراکز میں شمار ہونے والے پین اسٹیشن پر چاقو سے حملے میں کم از کم 6 افراد زخمی ہوگئے، جبکہ پولیس نے مبینہ حملہ آور کو گرفتار کرلیا۔
نیویارک فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جن میں ایک شخص کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا میں پولیس تربیتی مرکز میں دھماکا، 3 افراد جان سے گئے
نیویارک کے میئر ظہران ممدانی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ دستیاب معلومات کے مطابق 6 افراد چاقو کے وار سے زخمی ہوئے ہیں اور مبینہ حملہ آور پولیس کی تحویل میں ہے۔
حملے کے محرکات فوری طور پر واضح نہیں ہوسکے، تاہم نیویارک کے کمپٹرولر مارک لیون نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ حملہ آور بظاہر ایک بے گھر اور ذہنی مسائل کا شکار شخص ہے۔
#BREAKING: Stabbing attack at Penn Station in New York. “Based on the information available right now, six people were stabbed and the alleged perpetrator is in custody following a swift response from the Amtrak Police Department”, says New York Mayor. pic.twitter.com/TgbSoEc5IM
— Aditya Raj Kaul (@AdityaRajKaul) June 8, 2026
حکام کے مطابق تمام زخمیوں کے زندہ بچ جانے کی توقع ہے۔
واقعے کے بعد جائے وقوعہ پر خون کے نشانات، طبی سامان اور پٹیاں دیکھی گئیں، جبکہ پولیس نے پین اسٹیشن کے ٹریک نمبر 5 اور 6 کے اطراف کے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
ریاست نیویارک کی گورنر کیتھی ہوکول نے حملے کو ’انتہائی خوفناک تشدد‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نیویارک کے شہریوں کو ہر جگہ محفوظ محسوس ہونا چاہیے اور حکومت اس مقصد کے حصول کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
مزید پڑھیں: امریکا: 37 سالہ خاتون کو گولی مارنے والے پولیس اہلکار کا نام سامنے آگیا
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب نیویارک آئندہ ہفتے 2 بڑے عالمی کھیلوں کے ایونٹس کی میزبانی کی تیاری کر رہا ہے۔
مین ہیٹن میں پین اسٹیشن کے اوپر واقع میڈیسن اسکوائر گارڈن میں این بی اے فائنلز کے تیسرے اور چوتھے میچز پیر اور بدھ کو نیویارک نِکس اور سان انتونیو اسپرس کے درمیان کھیلے جائیں گے۔
اسی طرح نیو جرسی میں واقع میٹ لائف اسٹیڈیم ہفتے کے روز فیفا ورلڈ کپ کے اپنے پہلے میچ کی میزبانی کرے گا۔
I’ve been briefed on the horrific stabbing at Penn Station. Based on the information available right now, six people were stabbed and the alleged perpetrator is in custody following a swift response from the Amtrak Police Department.
My heart is with everyone who was injured,…
— Mayor Zohran Kwame Mamdani (@NYCMayor) June 8, 2026
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی پیر کو میڈیسن اسکوائر گارڈن میں ہونے والا این بی اے فائنلز کا میچ دیکھنے کے لیے متوقع ہیں۔
انہوں نے حال ہی میں بتایا تھا کہ انہوں نے نِکس کے مالک جیمز ڈولن کی دعوت قبول کرلی ہے۔
ان اہم کھیلوں کے مقابلوں کے پیش نظر شہر میں پہلے ہی سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جاچکے ہیں۔
مزید پڑھیں: فیفا ورلڈ کپ 2026 سے قبل امریکا کی نئی سفری ہدایت، میکسیکو جانے والے شائقین کو احتیاط برتنے کا مشورہ
نیویارک کے سرکاری ایمرجنسی الرٹ سسٹم نے شہریوں کو پین اسٹیشن کے علاقے سے دور رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے ٹریفک کی بندش، سڑکوں کی رکاوٹوں اور پبلک ٹرانسپورٹ میں ممکنہ خلل سے خبردار کیا ہے۔
واضح رہے کہ اس واقعے سے قبل بھی حکام نے پیر کے روز میڈیسن اسکوائر گارڈن کے باہر منعقد ہونے والی ایک عوامی واچ پارٹی منسوخ کردی تھی۔
جمعے کو ہونے والی ایک واچ پارٹی کے دوران ہزاروں شائقین سڑکوں پر جمع ہوگئے تھے، جہاں ہنگامہ آرائی کے واقعات پیش آئے، ایک پولیس اہلکار پر حملہ کیا گیا اور 26 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔














