نیپال میں حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی بڑے پیمانے پر تباہی کے بعد بھارتی ریاست بہار کے سرحدی اضلاع میں ہائی الرٹ نافذ کر دیا گیا ہے۔ نیپال سے بہار کی طرف بہنے والی ندیوں میں پانی کی سطح میں اچانک اضافے اور طغیانی کے پیش نظر ریاستی حکومت نے حفاظتی تدابیر سخت کر دی ہیں۔
بہار کے محکمہ صحت اور این ڈی آر ایف کی جانب سے جاری کردہ خصوصی ایڈوائزری میں شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ سیلابی پانی میں تیرنے والی یا اس سے پکڑی جانے والی مچھلیوں کا استعمال ہرگز نہ کریں۔ حکام کا کہنا ہے کہ نیپال سے آنے والے سیلابی ریلے میں صنعتی فضلہ، کیڑے مار ادویات اور دیگر زہریلے کیمیکلز شامل ہو سکتے ہیں، جس سے مچھلیاں آلودہ ہو چکی ہیں۔ ایسی مچھلیوں کا استعمال مختلف بیماریاں اور فوڈ پوائزننگ کا سبب بن سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے نیپال اور چین میں تباہ کن سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 1000 سے تجاوز کرگئی، ہزاروں تاحال لاپتہ
ریاستی انتظامیہ نے کوسی، گنڈک اور دیگر سرحدی دریاؤں کے قریب واقع اضلاع کو مکمل طور پر الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔ سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشنز کے ساتھ ساتھ صحت عامہ کے حوالے سے بیداری مہم بھی چلائی جا رہی ہے تاکہ عوام کو آلودہ پانی اور خوارک کے خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔














