ایپل کے نئے سی ای او کی تنخواہ اور مراعات نے سب کو حیران کردیا، پیکیج کتنے کروڑ ڈالر ہے؟

بدھ 2 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایپل کے نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) جان ٹرنَس کے معاوضے کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں جن کے مطابق کمپنی انہیں مالی سال 2027 کے لیے مجموعی طور پر تقریباً 5 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کا معاوضہ دے گی۔

امریکی سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن (SEC) میں جمع کرائی گئی دستاویز کے مطابق جان ٹرنَس کو سالانہ 30 لاکھ ڈالر بنیادی تنخواہ دی جائے گی جبکہ مالی سال 2027 کے لیے تقریباً 5 کروڑ 50 لاکھ ڈالر مالیت کا ایکویٹی ایوارڈ بھی مقرر کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کیا ایپل آئی فون ایئر 2 بڑا سرپرائز دینے جارہا ہے؟ لانچ اور نئے فیچرز سے متعلق اہم تفصیلات

اس کے علاوہ مالی سال 2026 میں سی ای او کی حیثیت سے جزوی مدت کی خدمات کے عوض ٹرنَس کو تقریباً 25 لاکھ ڈالر مالیت کے محدود حصص (RSUs) بھی دیے جائیں گے۔ ان کے سالانہ ایکویٹی ایوارڈ کا 75 فیصد کارکردگی سے منسلک ہوگا، جس کا انحصار S&P 500 کی دیگر کمپنیوں کے مقابلے میں ایپل کے شیئر ہولڈرز کو حاصل ہونے والے منافع پر ہوگا جبکہ باقی 25 فیصد حصص چار سال کے دوران مقررہ شیڈول کے تحت جاری کیے جائیں گے۔

دوسری جانب ٹم کک، جو تقریباً 15 سال تک ایپل کے سی ای او رہے، اب ایگزیکٹو چیئرمین کی ذمہ داریاں سنبھال چکے ہیں۔ نئے عہدے پر انہیں سالانہ 20 لاکھ ڈالر تنخواہ اور مالی سال 2027 کے لیے 4 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا ایکویٹی ایوارڈ ملے گا جس سے ان کا ہدفی مجموعی معاوضہ تقریباً 4 کروڑ 70 لاکھ ڈالر بنتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دوران سفر متلی کی شکایت: ازالے کے لیے آئی فون کی ایک خفیہ سیٹنگ استعمال کرکے دیکھیں

گزشتہ سال بطور سی ای او ٹم کک کا مجموعی معاوضہ تقریباً 7 کروڑ 43 لاکھ ڈالر تھا۔

جان ٹرنَس نے 2001 میں ایپل میں شمولیت اختیار کی تھی اور مختلف اہم عہدوں پر کام کرتے ہوئے ہارڈویئر انجینئرنگ کے شعبے کے سینئر نائب صدر بنے۔ ایپل نے رواں سال اپریل میں اعلان کیا تھا کہ وہ یکم ستمبر 2026 سے ٹم کک کی جگہ کمپنی کے نئے سی ای او ہوں گے۔

ایپل کی قیادت میں یہ تبدیلی ٹم کک کے 15 سالہ دور کے اختتام کے بعد سامنے آئی ہے اور کمپنی کی قیادت میں تقریباً 15 سال بعد بڑی تبدیلی قرار دی جارہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp