دوران سفر متلی کی شکایت: ازالے کے لیے آئی فون کی ایک خفیہ سیٹنگ استعمال کرکے دیکھیں

بدھ 29 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اگر آپ گاڑی، بس یا ٹرین میں موبائل فون استعمال کرتے ہوئے متلی یا چکر آنے کی شکایت محسوس کرتے ہیں تو آئی فون کی ایک کم معروف سیٹنگ اس مسئلے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شدید گرمی میں ڈی ہائیڈریشن کا مسئلہ: درست رہنمائی کے لیے اسمارٹ گیجٹس متعارف

بی بی سی کی ایک رپورٹ کے مطابق ’وہیکل موشن کیوز‘ نامی یہ فیچر حالیہ مہینوں میں خاصی توجہ حاصل کر رہا ہے اور بہت سے صارفین اسے سفر کے دوران مؤثر قرار دے رہے ہیں۔

یہ فیچر آئی فون کی اسکرین کے کناروں پر چھوٹے متحرک نقطے دکھاتا ہے جو فون کے ایکسیلرومیٹر کی مدد سے گاڑی کی حرکت کے مطابق حرکت کرتے ہیں۔ اس کا مقصد دماغ کو بصری اشارے فراہم کرنا ہے تاکہ جسم کو حرکت کا بہتر اندازہ ہو اور سفر کے دوران متلی یا چکر آنے کی کیفیت کم ہو سکے۔

ماہرین کے مطابق یہ فیچر کیسے کام کرتا ہے؟

امریکا کی اسٹینفورڈ یونیورسٹی سے وابستہ ویسٹیبیولر (توازن کے نظام) کی ماہر ڈاکٹر کرسٹن اسٹینرسن کے مطابق سفر کے دوران متلی اس وقت پیدا ہوتی ہے جب جسم کے مختلف حواس ایک دوسرے سے متضاد معلومات فراہم کرتے ہیں۔ مثال کے طور پر اندرونی کان جسم کی حرکت محسوس کرتا ہے لیکن آنکھیں فون کی ساکن اسکرین دیکھ رہی ہوتی ہیں جس سے دماغ الجھن کا شکار ہو جاتا ہے۔

ڈاکٹر اسٹینرسن کے مطابق اگر دماغ کو ایسے بصری اشارے مل جائیں جو جسم کی حقیقی حرکت کی عکاسی کریں تو متلی کی شدت کم ہو سکتی ہے۔ ان کے بقول آئی فون کے متحرک نقطے اسی مقصد کے لیے بنائے گئے ہیں اور بعض صارفین کے لیے واقعی فائدہ مند ثابت ہوئے ہیں۔

مزید پڑھیے: سفر کے دوران متلی اور چکر آنا : اسباب اور علاج

دوسری جانب یونیورسٹی آف مینیسوٹا کے پروفیسر ایمیریٹس ٹام اسٹوفریگن اس مسئلے کی مختلف تشریح کرتے ہیں۔ ان کے مطابق متلی کی بنیادی وجہ جسم کے پٹھوں اور توازن برقرار رکھنے والے نظام کی وہ پیشگوئیاں ہیں جو حرکت کے دوران درست ثابت نہیں ہوتیں جس سے جسم میں بے ترتیبی پیدا ہوتی ہے۔ ان کے خیال میں یہی وجہ ہے کہ گاڑی چلانے والے افراد کے مقابلے میں مسافروں کو زیادہ متلی محسوس ہوتی ہے۔

ہر کسی پر یکساں اثر نہیں

رپورٹ کے مطابق اس فیچر کے بارے میں صارفین کی آرا مختلف ہیں۔ کچھ افراد کا کہنا ہے کہ اس سے انہیں نمایاں فائدہ ہوا جبکہ بعض نے کہا کہ انہیں کوئی خاص فرق محسوس نہیں ہوا۔

نیویارک کی رہائشی زینڈی بروکیٹ کا کہنا ہے کہ یہ فیچر ان کے لیے ’گیم چینجر‘ ثابت ہوا ہے اور اب وہ ہر ایسے شخص کو اس کی سفارش کرتی ہیں جو سفر کے دوران متلی کا شکار ہوتا ہے۔

مزید پڑھیں: شدید گرمی خواتین کو مردوں کے مقابلے میں زیادہ کیوں متاثر کرتی ہے؟

اسی طرح ایک آٹو نیوز ویب سائٹ کے ایڈیٹر روری کیرول نے بھی اعتراف کیا کہ انہیں برسوں سے گاڑی میں بیٹھ کر فون استعمال کرتے ہوئے متلی ہوتی تھی لیکن آئی فون کا یہ فیچر ان کے لیے مؤثر ثابت ہوا۔

فیچر کیسے فعال کریں؟

آئی فون صارفین اس فیچر کو اس طریقے سے آن کر سکتے ہیں۔ Settings > Accessibility > Motion > Vehicle Motion Cues

صارفین چاہیں تو اسے ہر وقت فعال رکھ سکتے ہیں یا فون کو اس طرح سیٹ کر سکتے ہیں کہ یہ صرف سفر کے دوران خودکار طور پر آن ہو جائے۔ اس فیچر میں نقطوں کا سائز اور رنگ بھی تبدیل کیا جا سکتا ہے۔

اینڈرائیڈ صارفین کے لیے بھی متبادل

رپورٹ کے مطابق اینڈرائیڈ فونز پر بھی ایسی ایپس موجود ہیں جو اسی طرز کا فیچر فراہم کرتی ہیں جبکہ اطلاعات ہیں کہ مستقبل میں گوگل پکسل فونز میں بھی اس جیسا فیچر متعارف کرایا جا سکتا ہے۔

ماہرین کی ایک اور دلچسپ تجویز

اگرچہ یہ فیچر بعض افراد کے لیے مفید ثابت ہو سکتا ہے تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ممکن ہو تو سفر کے دوران مسلسل موبائل فون استعمال کرنے کے بجائے اسکرین سے نظریں ہٹا کر باہر دیکھنا یا کچھ دیر فون ایک طرف رکھ دینا اب بھی متلی سے بچنے کا ایک مؤثر اور آسان طریقہ ہے۔ اس طرح نہ صرف متلی کے امکانات کم ہوتے ہیں بلکہ اسکرین ٹائم میں بھی کمی آتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

فاطمہ ثنا کی عالمی کرکٹ میں دھوم، کینیڈا سپر 60 کی فرنچائز سے معاہدہ

ماہرین آثارِ قدیمہ کا موئن جو دڑو میں نئی تحقیق اور شہر کی فصیل کی نقل تعمیر کرنے کا مطالبہ

ورلڈ کپ کے اہم معرکے سے قبل قومی ہاکی ٹیم کی قیادت میں بڑی تبدیلی، عماد شکیل بٹ کو کپتانی سے ہٹا دیا گیا

بی جے پی رہنما کی بیٹی نے بھارتی نوجوانوں کے احتجاج کی حمایت کی وجہ بتا دی

پیٹرول معمولی سستا، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اضافہ، حکومت نے نئی قیمتوں کا اعلان کردیا

ویڈیو

جسٹن گریوز نے ٹیسٹ کرکٹ میں منفرد عالمی ریکارڈ قائم کرلیا، ’سہولت کار‘ پاکستان ٹیم

پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن پھر آمنے سامنے، آخر اس لڑائی کی وجہ کیا ہے؟

اسحاق ڈار اور کویتی وزیر خارجہ کے درمیان اہم ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

کالم / تجزیہ

ایک اور میچ، ایک اور شکست، اب تو عادت سی ہے ہم کو!

اے ٹی ایم مشین 

28 جولائی 2010: وہ دن جب میرے قدموں تلے زمین نکل گئی