90 کی دہائی کا سحر لوٹ آیا: ڈیجیٹل دور میں ‘سی ڈی’ کا جادو پھر سر چڑھ کر بولنے لگا

بدھ 2 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کمپیکٹ ڈسکس (سی ڈیز) کی بڑھتی ہوئی مانگ کے باعث سال 2026 کی پہلی 6 ماہی کے دوران امریکا میں ریکارڈڈ میوزک کی آمدنی میں تقریباً 7 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 18 سال بعد عاطف اسلم کا نیا میوزک البم ’صبح آئے نا‘ ریلیز کرنے کا اعلان

ریکارڈنگ انڈسٹری ایسوسی ایشن آف امریکا (آر آئی اے اے)  کی رپورٹ کے مطابق یہ اضافہ پرانے میوزک فارمیٹس میں صارفین کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کو ظاہر کرتا ہے۔

ایسوسی ایشن کے ڈیٹا کے مطابق سنہ 2026 کی پہلی ششماہی میں امریکا کی ریکارڈڈ میوزک آمدنی گزشتہ سال کے مقابلے 6.9 فیصد اضافے کے ساتھ 6 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔

فزیکل میوزک سے حاصل ہونے والی آمدنی 25.9 فیصد اضافے کے ساتھ 731.5 ملین ڈالر ہو گئی۔ اس میں سب سے بڑا کردار سی ڈیز کی آمدنی میں 58.6 فیصد اور وائنل کی آمدنی میں 17.7 فیصد اضافہ رہا۔

مزید پڑھیے: ایک دھن 639 سال، دنیا کا منفرد ترین موسیقی پروگرام جاری

واضح رہے کہ وائنل (ریکارڈ) سے مراد وہ اینالاگ آڈیو ہے جسے پولی ونائل کلورائیڈ کی بنی ہوئی گول اور چپٹی ڈسک پر محفوظ کیا جاتا ہے جس کی سطح پر موجود باریک لکیروں میں گانے کی ریکارڈنگ موجود ہوتی ہے۔ جب اس ڈسک کو ریکارڈ پلیئر یا ٹرن ٹیبل پر رکھ کر گھمایا جاتا ہے تو اس کی باریک سوئی ان لکیروں سے گزرتے ہوئے تھرتھراہٹ پیدا کرتی ہے جو اسپیکر کے ذریعے ایک منفرد، گہری اور حقیقی آواز میں بدل جاتی ہے۔ ڈیجیٹل اسٹریمنگ کے اس جدید دور میں بھی موسیقی کے شوقین افراد اس کے کلاسک انداز اور قدرتی آواز کے معیار کی وجہ سے اسے بے حد پسند کرتے ہیں۔

اسٹریمنگ سے حاصل ہونے والی آمدنی 4.7 فیصد اضافے کے ساتھ 4.9 ارب ڈالر رہی، جو ابھی بھی موسیقی کی آمدنی کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔

پیڈ سبسکرپشن ریونیو 6.4 فیصد اضافے کے ساتھ 3.4 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔

مزید پڑھیں: اے آئی کا بنایا گانا کیسے پہچانیں گے؟ موسیقی کی دنیا نے نیا نظام متعارف کرا دیا

آر آئی اے اے کے شعبہ ریسرچ کے وائس پریذیڈنٹ میٹ بیس کے مطابق یہ نتائج ایک صحت مند اور متنوع مارکیٹ کی نشاندہی کرتے ہیں جو فنکاروں میں مسلسل سرمایہ کاری اور سامعین کے لیے موسیقی کے تجربے کے نئے ذرائع کو فروغ دے رہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp