منسا ملک نے علیزے شاہ کو تھپڑ کیوں مارا؟ عینی شاہد اداکار حسن فرید خان نے وجہ بتا دی

جمعرات 3 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستانی اداکار حسن فرید خان نے اداکارہ علیزے شاہ اور منسا ملک کے درمیان پیش آنے والے تنازع کے حوالے سے اہم انکشافات کرتے ہوئے واقعے کی اپنی آنکھوں دیکھی تفصیلات بیان کردی ہیں۔

حسن فرید خان حال ہی میں احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں شریک ہوئے جہاں گفتگو کے دوران انہوں نے علیزے شاہ اور منسا ملک کے درمیان مبینہ جھگڑے پر بھی بات کی۔

اداکار نے دعویٰ کیا کہ دونوں اداکاراؤں کے درمیان اسکرپٹ کے معاملے پر پہلے ہی اختلافات چل رہے تھے اور وہ خود اس موقع پر موجود تھے۔ ان کے مطابق ایک سین کی عکسبندی کے دوران منسا ملک نے علیزے شاہ کو تھپڑ مارا حالانکہ اسکرپٹ کے مطابق انہیں علیزے شاہ کو گلے لگانا تھا۔

حسن فرید خان کا کہنا تھا کہ ابتدا میں انہیں لگا کہ شاید تھپڑ مارنے کا عمل سین میں اچانک شامل کیا گیا ہے تاہم بعد میں انہیں محسوس ہوا کہ دونوں کے درمیان پہلے سے کشیدگی موجود تھی۔

یہ بھی پڑھیں: چھوٹے کپڑوں پر تنقید، علیزے شاہ کے سنگین الزامات پر سارہ خان کا ردعمل

انہوں نے دعویٰ کیا کہ علیزے شاہ نے تبدیل شدہ اسکرپٹ پر عمل کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ وہی اختتام کریں گی جس کے لیے انہوں نے معاہدہ کیا تھا۔ حسن فرید خان کے مطابق اسی معاملے پر منسا ملک علیزے شاہ سے ناراض تھیں۔

اداکار نے مزید کہا کہ بعد ازاں علیزے شاہ پر مختلف الزامات بھی عائد کیے گئے تاہم ان کے بقول وہ خود وہاں موجود تھے اور ان کے سامنے ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا جس سے ان الزامات کی تصدیق ہوتی ہو۔

یہ بھی پڑھیں: اداکارہ منسا ملک مجھے جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہی ہیں، علیزے شاہ کا الزام

حسن فرید خان نے کہا کہ ان کے مشاہدے کے مطابق اس معاملے میں علیزے شاہ کے ساتھ ناانصافی ہوئی اور بعد میں اسی فریق کے خلاف شکایت درج ہونا بھی انہیں درست نہیں لگا۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے اس معاملے پر اپنی والدہ سے مشاورت کے بعد ویڈیو بنانے کا فیصلہ کیا، جنہوں نے انہیں سچ بیان کرنے کی حوصلہ افزائی کی۔ ان کے مطابق ان کی ویڈیو کو اداکار سمیع خان اور علیزے شاہ نے بھی ری شیئر کیا۔

یہ بھی پڑھیں: اب میرا نام لیا تو عدالت لے جاؤں گی، علیزے شاہ کی یاسر نواز کو آخری وارننگ

حسن فرید خان نے واضح کیا کہ اگر اس معاملے پر سچ بولنے کی وجہ سے انہیں کام کا نقصان بھی اٹھانا پڑے تو وہ اس کی پرواہ نہیں کرتے اور آئندہ بھی اپنے مشاہدے کے مطابق سچ بیان کرتے رہیں گے۔

علیزے شاہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اداکار نے انہیں ’’مکمل پروفیشنل‘‘ قرار دیا، تاہم ساتھ ہی واضح کیا کہ وہ ذاتی طور پر علیزے شاہ کے دوست نہیں ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp