جیمز اور للی پوٹر کی واپسی؟ نئے ٹریلر نے ’ہیری پوٹر‘ کے مداحوں کو حیران کردیا

جمعرات 3 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

’ہیری پوٹر‘ کے مداحوں کا انتظار ختم ہونے کے قریب ہے، HBO نے جے کے رولنگ کی مقبول کتابوں پر مبنی نئی ٹی وی سیریز کا تازہ ٹریلر جاری کردیا، جس میں ہاگ وارٹس کے معروف مناظر کے ساتھ نئے اداکاروں اور کئی اہم کرداروں کی جھلک بھی دکھائی گئی ہے۔

تازہ ٹریلر نے سب سے زیادہ توجہ اس وقت حاصل کی جب دو نوجوانوں کو ایک پل پر دوڑتے ہوئے دکھایا گیا۔ سوشل میڈیا پر مداحوں نے قیاس کیا کہ یہ ہیری پوٹر کے والدین جیمز اور للی پوٹر ہوسکتے ہیں۔ اگر یہ قیاس درست ثابت ہوتا ہے تو نئی سیریز میں جیمز اور للی کی زندگی اور ہیری کے ماضی کو پہلے سے کہیں زیادہ تفصیل سے پیش کیے جانے کی توقع ہے۔

ٹریلر میں ہاگ وارٹس کی دنیا کے کئی معروف مناظر بھی شامل ہیں، جن میں سلیکشن ہیٹ کی تقریب، گریٹ ہال، کوئڈچ میچ، ہربالوجی کی کلاس، انویزیبلٹی کلاک، مرر آف ایریسڈ اور جادوئی شطرنج شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ناظرین کو پہلی بار پروفیسر کوئرینس کوئرل کی جھلک بھی دکھائی گئی ہے۔

نئی سیریز میں ڈومینک میک لافلن ہیری پوٹر، عربیلا اسٹینٹن ہرمیون گرینجر اور الیسٹر اسٹاؤٹ رون ویزلی کے کردار ادا کر رہے ہیں۔ بالغ کاسٹ میں جان لیتھگو ڈمبلڈور، جینیٹ میک ٹیر میک گوناگل، پاپا ایسیدو اسنیپ اور نِک فراسٹ ہگریڈ کے روپ میں نظر آئیں گے۔

ٹریلر میں ایک اور نمایاں تبدیلی خوفناک ٹرول کا کردار ہے۔ پہلی فلم میں باتھ روم کا ٹرول نسبتاً مضحکہ خیز انداز میں پیش کیا گیا تھا، جبکہ نئی سیریز میں اسے زیادہ خوفناک اور خطرناک روپ دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ہیری پوٹر فلم کے اداکار مائیکل برن 82 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

نئی سیریز کے ٹریلر کو جہاں کئی مداحوں نے پسند کیا، وہیں کچھ شائقین نے اس کے تاریک اور سرد رنگوں پر تحفظات کا اظہار کیا۔ بعض صارفین کا کہنا ہے کہ ٹریلر کا نیلا اور سرمئی رنگوں پر مبنی انداز ’ہیری پوٹر‘ کی پہلی کہانی کے روایتی جادوئی اور روشن ماحول سے مختلف محسوس ہوتا ہے۔

دوسری جانب کچھ مداحوں نے اس انداز کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ کہانی کے مگّل دنیا سے متعلق مناظر میں قدرے سرد اور مدھم رنگوں کا استعمال ماحول کے مطابق ہے، جبکہ ہاگ وارٹس پہنچنے کے بعد بصری انداز میں مزید تبدیلی متوقع ہے۔

نئی HBO سیریز کا پہلا سیزن ’Harry Potter and the Philosopher’s Stone‘ پر مبنی ہوگا اور اسے آٹھ اقساط میں پیش کیا جائے گا۔ سیریز کی ہدایت کاری مارک مائلڈ کر رہے ہیں جبکہ فرانسسکا گارڈنر شو رنر اور مصنفہ ہیں۔

’Harry Potter and the Philosopher’s Stone‘ کی نئی سیریز 25 دسمبر 2026 کو HBO اور HBO Max پر ریلیز ہوگی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp