’فلسطین سے ایران تک ہمارے بم معصوم خواتین اور بچوں کو مار رہے ہیں‘، امریکی رکن کانگریس

جمعہ 4 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی رکن کانگریس دلیہ رامیرز نے فلسطین اور ایران میں امریکی فوجی کارروائیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی بم معصوم خواتین اور بچوں کی جانیں لے رہے ہیں، جبکہ کانگریس کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ کے جنگی اقدامات پر آنکھیں بند نہیں رکھنی چاہییں۔

دلیہ رامیرز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ایک ایسا دن جو ایک جوڑے کی نئی زندگی کے آغاز کی خوشیوں سے بھرا ہونا چاہیے تھا، تباہی میں بدل گیا۔ فلسطین سے ایران تک، ہمارے بم معصوم خواتین اور بچوں کو ہلاک کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس ٹرمپ اور ہیگستھ کی جانب سے کیے جانے والے مبینہ جنگی جرائم سے مسلسل آنکھیں نہیں چرا سکتی۔ ان کے بقول جنگ کے ذمہ داروں کو جواب دہ ٹھہرانے کا وقت اب ہے۔

رامیرز نے کانگریس سے مطالبہ کیا کہ ’بلاک دی بمبز ایکٹ‘ منظور کیا جائے، اپنے اختیارات دوبارہ حاصل کیے جائیں اور اس نہ ختم ہونے والی جنگ کا خاتمہ کیا جائے۔

ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان جنگ جاری ہے اور امریکی فوجی کارروائیوں پر کانگریس کے بعض ارکان کی جانب سے شدید مخالفت سامنے آ رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:امریکا پر برا وقت، قیادت ’نااہل ترین لوگوں‘ کے ہاتھ میں، جارج کلونی کی ٹرمپ پر کڑی تنقید

یاد رہے کہ امریکی کانگریس کے ترقی پسند ارکان کے ایک حالیہ احتجاج میں بھی رامیرز نے کہا تھا کہ فلسطین سے ایران تک ہمارے بم خواتین اور بچوں کو ہلاک کر رہے ہیں اور امریکی ٹیکس دہندگان کا پیسہ دنیا بھر کے لوگوں کی تکالیف میں اضافہ کر رہا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر ایران کے خلاف جنگ کے لیے مزید ایک ڈالر، ایک بہانہ یا ایک بم دینے کی مخالفت کی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp