امریکا نے کیوبا پر نئی پابندیاں عائد کردیں، توانائی بحران مزید سنگین ہونے کا خدشہ

جمعہ 4 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکا نے کیوبا پر نئی پابندیاں عائد کردی ہیں، جن میں سابق صدر راؤل کاسترو کے پوتے فیڈل ارنیستو کاسترو اور کیوبا کی آئل انڈسٹری سپلائی امپورٹ کمپنی ’اباپیٹ‘ بھی شامل ہیں۔ امریکی اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کیوبا پہلے ہی شدید معاشی اور توانائی کے بحران سے دوچار ہے۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اباپیٹ بجلی کے بوسیدہ نظام کو برقرار رکھنے کے لیے درکار خصوصی مشینری اور پرزہ جات درآمد کرتی ہے۔ پابندیوں کے ماہر بریٹ ایرکسن کا کہنا ہے کہ امریکی اقدامات کا مقصد کیوبا کی اہم مشینری کو ناکارہ بنا کر ملک کے توانائی بحران کو مزید گہرا کرنا ہے۔

کیوبا میں بجلی کی ملک گیر بندش معمول بنتی جارہی ہے جبکہ بعض علاقوں میں روزانہ بجلی کی بندش 24 گھنٹے سے بھی تجاوز کرچکی ہے۔ پرانے بجلی کے نظام، ایندھن کے کم ہوتے ذخائر اور درآمدی مشکلات نے بحران کو مزید سنگین کردیا ہے۔

ایرکسن کے مطابق امریکی پابندیوں کے باعث کیوبا کو ضروری پرزہ جات متبادل اور زیادہ مہنگے ذرائع سے حاصل کرنا پڑیں گے، جس سے مہنگائی میں اضافہ اور معیشت کو مزید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ ان کے بقول امریکی پالیسی کا مقصد ایسا دباؤ پیدا کرنا ہے جس سے کیوبا میں عوامی مشکلات بڑھیں اور حکومت کے خلاف ردعمل پیدا ہو۔

کیوبا کے نائب وزیراعظم اور وزیر سرمایہ کاری آسکر پیریز اولیوا فراگا نے امریکا کو موجودہ بحران کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے امریکی پابندیوں کو ’نسل کشی‘ قرار دیا۔ وزیر خارجہ برونو روڈریگز نے بھی نئی پابندیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پوری آبادی کو مشکلات سے دوچار کرنا جرم ہے۔

دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے پابندیوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ افراد اور ادارے ’کاسترو خاندان کے کرپٹ مالیاتی اور انٹیلی جنس نیٹ ورک‘ کا حصہ ہیں۔ ان کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وہ کیوبا کو آزاد دیکھنے کے عزم پر قائم ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:کیوبا میں ایک ہفتے کے دوران دوسری بار ملک گیر بلیک آؤٹ

اے پی کے مطابق رواں سال امریکا اور کیوبا کے درمیان ہونے والے مذاکرات بھی رک چکے ہیں جبکہ واشنگٹن کی جانب سے پابندیوں میں مسلسل اضافہ کیا جارہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp