انڈونیشیا کے جنگلات کی آگ سے دھواں، ملائیشیا کے ضلع سیرین میں ہنگامی حالت نافذ

ہفتہ 5 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملائیشیا نے انڈونیشیا کے جنگلات میں لگی آگ سے اٹھنے والے دھویں کے باعث فضائی آلودگی خطرناک حد تک بڑھنے پر ریاست سراواک کے ضلع سیرین میں ہنگامی حالت نافذ کردی ہے، جبکہ 647 اسکولوں سمیت سرکاری و نجی دفاتر اور متعدد دیگر ادارے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

الجزیرہ کے مطابق ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کے دفتر نے بتایا کہ بادشاہ سلطان ابراہیم نے سیرین ڈویژن میں ہنگامی حالت نافذ کرنے کی منظوری دی ہے۔ یہ فیصلہ علاقے میں فضائی آلودگی کی سطح عوامی صحت اور سلامتی کے لیے خطرناک ہونے کے بعد کیا گیا۔

ہنگامی حکم کے تحت سیرین کے 647 اسکول پیر سے بند کردیے جائیں گے اور کم از کم اگلے ہفتے کے اختتام تک بند رہنے کا امکان ہے۔ سرکاری و نجی دفاتر، باغات، تعمیراتی مقامات اور کان کنی کے مراکز بھی بند رہیں گے، تاہم ضروری خدمات جاری رکھی جائیں گی۔

حکام کے مطابق علاقے میں مصنوعی بارش کا 3 روزہ آپریشن جمعرات سے شروع کیا گیا تھا جسے کم از کم پیر تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حکام کو توقع ہے کہ آئندہ چند روز میں بادل بننے کے زیادہ سازگار حالات پیدا ہوسکتے ہیں، جس سے بارش کے ذریعے دھویں اور آلودگی میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔

سراواک کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ڈگلس اوگاہ ایمباس نے کہا کہ ہنگامی حالت پورے سراواک میں نہیں بلکہ صرف سیرین تک محدود ہے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ صورتحال کو سنجیدگی سے لیں، غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور کھلی فضا میں سخت جسمانی سرگرمیوں سے گریز کریں۔

الجزیرہ کے مطابق بورنیو جزیرے کے شمالی حصے میں واقع سراواک کئی ہفتوں سے دھویں کی لپیٹ میں ہے جبکہ پڑوسی ریاست صباح اور ملائیشیا کے جزیرہ نما علاقوں میں بھی فضائی آلودگی سے صورتحال متاثر ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:فرانس اور اسپین میں جنگلاتی آگ مزید پھیل گئی، ساڑھے 3 لاکھ افراد متاثر

دھویں کے اثرات ملائیشیا سے باہر بھی محسوس کیے جا رہے ہیں۔ برونائی سمیت جنوب مشرقی ایشیا کے دیگر ممالک میں بھی دھند اور دھویں کی شکایات سامنے آئی ہیں، جبکہ سنگاپور نے فضائی معیار غیر صحت بخش سطح پر پہنچنے کے بعد روزانہ دھویں سے متعلق ایڈوائزری جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔

فلپائن میں بھی دھویں کے اثرات کے باعث صدر فرڈینینڈ مارکوس جونیئر نے دارالحکومت منیلا اور ایک درجن سے زائد صوبوں میں جمعے کو تعلیمی سرگرمیاں معطل کرنے کا حکم دیا۔

الجزیرہ کے مطابق موجودہ علاقائی دھواں انڈونیشیا میں جاری جنگلات کی آگ کا نتیجہ ہے، جہاں سماٹرا اور کالیمانتان سمیت مختلف علاقوں میں آگ لگی ہوئی ہے۔ ماہرین کے مطابق رواں ماہ درجہ حرارت میں اضافے اور خشک و گرم موسم کے باعث آگ مزید شدت اختیار کرسکتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp