یومِ دفاع و شہدا: عسکری قیادت کا شہدا کو خراج عقیدت، کسی بھی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دینے کا اعلان

اتوار 6 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

یومِ دفاع و شہدا کے موقع پر عسکری قیادت نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج ملکی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی مفادات کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، کسی بھی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق 6 ستمبر قومی اتحاد، عزم اور شجاعت کی لازوال علامت ہے، جب 1965 کی جنگ کے دوران پاکستانی قوم نے وطن کے دفاع کے لیے متحد ہوکر دشمن کا مقابلہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا اور مسلح افواج نے پاکستان کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں:یومِ دفاع و شہدا: پاک فضائیہ نے بھارتی جارحیت کا مؤثر جواب دے کر اپنی صلاحیت ثابت کردی، ایئر وائس مارشل حسن فیصل

عسکری قیادت نے غازیوں اور شہدا کے اہل خانہ کے لیے بھی گہری عقیدت اور تشکر کا اظہار کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا نے میدان جنگ، فضا اور سمندر میں وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور ان کی قربانیاں قومی تاریخ کا ناقابل فراموش حصہ ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ شہدا کی قربانیوں کی میراث آنے والی نسلوں کے لیے حوصلے کا باعث ہے، جبکہ شہدا کے اہل خانہ عزم، حوصلے اور ثابت قدمی کی علامت ہیں۔ مسلح افواج نے غازیوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے بہادری، ثابت قدمی اور فرض شناسی کے ساتھ ملکی سرحدوں کی حفاظت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کا خواہاں ہے اور ذمہ دارانہ رویے اور پرامن بقائے باہمی کے لیے پرعزم ہے، تاہم اس عزم کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:یومِ دفاع و شہدا: وزیراعظم اور صدر کا شہدا کو خراج عقیدت، ملکی دفاع اور خودمختاری کے عزم کا اعادہ

عسکری قیادت نے یومِ دفاع و شہدا کے موقع پر پاکستان اور اس کے عوام سے غیر متزلزل وابستگی اور ملک کے دفاع کی ذمہ داریاں پیشہ ورانہ مہارت، وقار اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ شہدا کی عظیم قربانیاں، غازیوں کا جذبہ اور ان کے اہل خانہ کی استقامت ہمیشہ پاکستان کے لیے قومی طاقت اور فخر کا سرچشمہ رہیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp