اسلام آباد: یومِ دفاع پر عظیم الشان موٹر ریلی، شہریوں کا شہدا کو خراج عقیدت اور افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی

اتوار 6 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

یومِ دفاعِ پاکستان کے پُروقار اور تاریخی موقع پر وطنِ عزیز کے شہدا اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ٹاپ سٹی ون کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کنور معیز خان کی جانب سے ایک عظیم الشان موٹر ریلی کا انعقاد کیا گیا۔

موٹر ریلی کا باقاعدہ آغاز 6 ستمبر کو صبح 11 بجے ٹاپ سٹی ون سے ہوا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے منظور شدہ اور مقررہ روٹس کے مطابق ریلی سری نگر ہائی وے سے ہوتی ہوئی ایف-10 پہنچی، جہاں سے شرکا نے ایف 9 فاطمہ جناح پارک اسلام آباد کی جانب سفر جاری رکھا۔ ریلی اپنے مقررہ روٹ سے گزرنے کے بعد فاطمہ جناح پارک میں اختتام پذیر ہوئی۔

یومِ دفاع کے موقع پر منعقد ہونے والی اس پُرعزم ریلی میں شہریوں، نوجوانوں، خاندانوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ریلی میں سینکڑوں گاڑیاں شریک ہوئیں، جنہیں قومی پرچموں، شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے والے بینرز اور قومی جذبے کی عکاسی کرنے والے پلے کارڈز سے سجایا گیا تھا۔ شرکاء کی جانب سے پاک فوج کے شہدا اور غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا جبکہ افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ مادرِ وطن کے دفاع کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

ریلی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی تصاویر اور قومی جذبے سے مزین بینرز بھی نمایاں رہے۔ شرکا نے پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور دفاع کے لیے افواجِ پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

ریلی کے شرکا کا کہنا تھا کہ 6 ستمبر ہمیں 1965ء کی جنگ کے ان عظیم شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں اور آرام و سکون کی قربانی دی۔ یومِ دفاع صرف ایک تاریخی دن نہیں بلکہ قومی اتحاد، عزم اور وطن سے وفاداری کی تجدید کا دن بھی ہے۔

ٹاپ سٹی ون کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کنور معیز خان نے ریلی میں بھرپور شرکت کرنے والے شہریوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کا شکریہ ادا کیا۔

کنور معیز خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ دفاع کے موقع پر ایسی تقریبات کا مقصد نئی نسل کو وطن کے دفاع کے لیے دی جانے والی قربانیوں سے آگاہ کرنا اور شہداء و غازیوں کی لازوال خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری کے لیے پوری قوم متحد ہے اور قوم اپنے بہادر شہداء، غازیوں اور افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

عظیم الشان موٹر ریلی نے یومِ دفاع کے موقع پر اسلام آباد میں قومی یکجہتی، حب الوطنی اور افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کا ایک پُروقار منظر پیش کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp