پاکستان کی طرف میلی نظر اٹھانے والے کو دندان شکن جواب دیا جائے گا، محمد اشرف صدا

پیر 7 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صوبائی ترجمان پاکستان مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان و سابق چیئرمین قائمہ کمیٹی گلگت بلتستان کونسل محمد اشرف صدا نے کہا ہے کہ 6 ستمبر صرف ایک تاریخ نہیں بلکہ پاکستانی قوم کے غیر متزلزل عزم، افواجِ پاکستان کی جرأت اور وطن پر جان نچھاور کرنے والے شہداء کی لازوال قربانیوں کی داستان ہے۔

یومِ دفاع کے موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) سکردو اور ادبی تنظیم بزمِ علم و فن کے زیرِ اہتمام منعقدہ تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے محمد اشرف صدا نے کہا کہ 1965 میں دشمن نے پاکستان کو کمزور سمجھ کر جارحیت کی، مگر اسے اندازہ نہیں تھا کہ اس کے سامنے صرف فوج نہیں بلکہ ایک متحد قوم کھڑی ہے۔

مزید پڑھیں:6 ستمبر یوم دفاع پاکستان پر اراکین پارلیمنٹ کیا کہتے ہیں؟

انہوں نے کہا کہ لاہور، سیالکوٹ، چونڈہ اور دیگر محاذوں پر پاک فوج کے جوانوں نے جانوں کے نذرانے دے کر وطن کی سرحدوں کا دفاع کیا، جبکہ پاکستانی عوام بھی افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے رہے۔

انہوں نے کہا کہ 1965 کی جنگ میں پاک فضائیہ کے شاہینوں نے بھی بہادری کی تاریخ رقم کی اور اسکواڈرن لیڈر ایم ایم عالم کا ایک منٹ میں بھارتی فضائیہ کے پانچ طیارے مار گرانے کا کارنامہ آج بھی قومی تاریخ کا روشن باب ہے۔

محمد اشرف صدا کا کہنا تھا کہ آج کا پاکستان 1965 کے پاکستان سے کہیں زیادہ مضبوط دفاعی صلاحیت رکھتا ہے، جس کے پاس جدید مسلح افواج، فضائی و بحری قوت، میزائل ٹیکنالوجی اور مؤثر دفاعی صلاحیت موجود ہے۔ مئی 2025 کے معرکۂ حق اور آپریشن بنیان المرصوص نے ایک بار پھر واضح کردیا کہ پاکستان امن کا داعی ہے، تاہم اپنی خودمختاری اور سلامتی پر حملہ کسی صورت برداشت نہیں کرے گا اور جارحیت کا دندان شکن جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی طاقت کے پیچھے ایک متحد قوم کا عزم موجود ہے، اس لیے ملکی سلامتی صرف افواج نہیں بلکہ ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔ سیاسی قیادت، ریاستی اداروں، نوجوانوں، دانشوروں، تاجروں، طلبہ، مزدوروں اور عوام کو مل کر دفاعی طور پر مضبوط، معاشی طور پر مستحکم اور سیاسی طور پر متحد پاکستان کی تعمیر کرنا ہوگی۔

محمد اشرف صدا نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے بھی دفاعِ پاکستان کی تاریخ میں لازوال قربانیاں دی ہیں۔ اس خطے کے سپوتوں نے برف پوش پہاڑوں سے ملکی سرحدوں تک وطن کے دفاع میں جانیں پیش کیں، جبکہ لالک جان شہید پورے پاکستان کا فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام آج بھی پاکستان کی سلامتی، وحدت اور دفاع کے لیے اسی جذبے کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بدلتی عالمی صورتحال میں پاکستان کا کردار اپنی جغرافیائی حدود سے آگے بڑھ رہا ہے اور ایک مضبوط، ذمہ دار و باصلاحیت پاکستان عالمِ اسلام کے امن، استحکام اور اجتماعی سلامتی میں بھی اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ ہماری طاقت کسی قوم کے خلاف نہیں بلکہ پاکستان کے دفاع، امن اور قومی وقار کے لیے ہے۔

انہوں نے کہا کہ یومِ دفاع ہمیں شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ان کے مشن کو آگے بڑھانے کا عہد بھی یاد دلاتا ہے۔ شہدا نے ہمیں آزاد وطن دیا، اب ہماری ذمہ داری ہے کہ اسے مضبوط، متحد اور خوشحال بنائیں۔

مزید پڑھیں:جوڈیشل کمیشن کا اجلاس 26 ستمبر کو طلب، ایجنڈا کیا ہے؟

محمد اشرف صدا نے کہا کہ پاکستان کی طرف اٹھنے والی ہر میلی نظر کے لیے واضح پیغام ہے کہ یہ ملک 1965 میں بھی متحد تھا، آج بھی متحد ہے اور آئندہ نسلوں تک اپنی آزادی، خودمختاری اور قومی وقار کے تحفظ کے لیے متحد رہے گا۔

انہوں نے شہدا، ہیروز، غازیوں، افواجِ پاکستان، سکیورٹی اداروں اور ملک کے تمام محافظوں کو سلام پیش کیا جن کی قربانیوں کے باعث قوم آزاد فضاؤں میں سانس لے رہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp