بنوں اسپتال کے یورولوجی وارڈ میں آتشزدگی، تمام مریض محفوظ رہے

پیر 7 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بنوں کے خلیفہ گل نواز ٹیچنگ اسپتال کے یورولوجی وارڈ میں پیر کی صبح اچانک آگ بھڑک اٹھی، تاہم بروقت کارروائی کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ریسکیو 1122 کے مطابق ہنگامی اطلاع ملنے کے تقریباً 5 منٹ بعد ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے، جنہوں نے اسپتال عملے کے ساتھ مل کر آگ بجھانے اور مریضوں کے انخلا کا عمل شروع کیا۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر تقریباً 10 منٹ میں قابو پالیا گیا جبکہ وارڈ میں موجود تمام مریضوں کو بحفاظت محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: لیڈی ریڈنگ اسپتال میں آتشزدگی، بروقت کارروائی سے صورتحال پر قابو پا لیا گیا

اسپتال کے ترجمان محمد نعمان کے مطابق آگ صبح تقریباً 10 بجے لگی اور ابتدائی معلومات کے مطابق اس کی وجہ بجلی کا شارٹ سرکٹ یا برقی چنگاری معلوم ہوتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اسپتال عملے اور ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر وارڈ میں موجود مریضوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا اور آگ بجھانے کی کارروائیاں شروع کردیں۔

بروقت اقدامات کے باعث آگ کو دوسرے حصوں تک پھیلنے سے روک لیا گیا۔

بنوں کا یہ واقعہ اسلام آباد کے پمز اسپتال میں آتشزدگی کے دو ہفتے سے بھی کم عرصے بعد پیش آیا ہے، جہاں آگ لگنے سے 14 نومولود جاں بحق ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں: کوئٹہ: لک پاس کسٹمز گودام میں آتشزدگی، زخمیوں کی تعداد 50 ہوگئی

واقعے کے بعد ملک بھر میں اسپتالوں میں فائر سیفٹی کے انتظامات بہتر بنانے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اقدامات تیز کیے گئے۔

اسی سلسلے میں ہفتے کے روز پنجاب کے ضلع رحیم یار خان میں شیخ زاید میڈیکل کالج اسپتال کے آپریشن تھیٹر میں بھی دورانِ جراحی آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا تھا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ بجلی کی ناقص وائرنگ کے باعث لگی، جس کے بعد ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے فوری طور پر آپریشن روک کر مریضوں کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp