وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا 100 روزہ اصلاحاتی پلان عوامی خدمت اور گڈ گورننس کا واضح روڈ میپ ہے، قائد مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف کے وژن اور وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور مریم نواز کے تعاون و رہنمائی سے آزاد کشمیر میں ترقی اور عوامی فلاح کے ایک نئے دور کا آغاز کر رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے 100 روزہ اصلاحاتی پلان پر منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں پہلے 100 روز کے لیے مقرر کیے گئے اہداف، روڈ میپ اور تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
پنجاب کی طرز پر تیز رفتار ترقیاتی عمل آگے بڑھانے کا عزم
وزیراعظم افتخار گیلانی نے کہاکہ حکومت آزاد کشمیر میں پنجاب کی طرز پر تیز رفتار ترقیاتی عمل آگے بڑھانے اور ایسے منصوبوں پر فوکس کرے گی جن کے ثمرات مختصر مدت میں براہ راست عوام تک پہنچ سکیں۔
انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے اقدامات کے ثمرات ہر گھر تک پہنچیں گے۔ میاں محمد نواز شریف کا وژن ہمیشہ یہ رہا ہے کہ ترقی کے ثمرات ہر شہری تک پہنچیں، ہم اسی وژن کو آزاد کشمیر میں عملی شکل دینے کے لیے پرعزم ہیں۔
آزاد کشمیر کو ترقی یافتہ اور خوشحال بنانے کا عزم
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے تعاون سے آزاد کشمیر کو ترقی یافتہ، خوشحال اور جدید بنانے کے سفر کو تیز کریں گے۔
انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر کی حکومت جلد سو روزہ ٹرانسفارمیشن پروگرام کا آغاز کرےگی۔













