خاتون نے 20 روپے کا وڑا پاؤ کھانے کے لیے 15 ہزار روپے خرچ کردیے، ویڈیو وائرل

بدھ 9 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نئی دہلی کی ایک خاتون نے ممبئی کا مشہور وڑا پاؤ کھانے کے لیے قریباً 15 ہزار بھارتی روپے (قریباً 43 ہزار 800 پاکستانی روپے) خرچ کردیے، جس کے بعد ان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق ’وِٹی اسپیس‘ نامی مواد تخلیق کرنے والی خاتون نے دہلی میں وڑا پاؤ کھاتے ہوئے اچانک فیصلہ کیا کہ اگر اصل ذائقہ چکھنا ہے تو ممبئی جانا ہوگا۔

مزید پڑھیں:نئی دہلی میں ہاسٹل کی 5 منزلہ عمارت منہدم، 7 طلبہ ہلاک

خاتون نے بتایا کہ انہوں نے دہلی سے ممبئی کی پرواز کے لیے قریباً 5 ہزار روپے ادا کیے، راستے میں ہوائی اڈے پر چائے اور کھانے کے اخراجات بھی ہوئے، جبکہ ممبئی پہنچ کر قریباً 4 ہزار روپے یومیہ کے حساب سے ہوٹل کا کمرہ لیا۔

اگلی صبح وہ ممبئی کی گلیوں میں اصل وڑا پاؤ کی تلاش میں نکلیں اور بالآخر ایک خوانچہ فروش سے صرف 20 روپے میں وڑا پاؤ خرید لیا۔

خاتون کے مطابق اس وقت تک اس ایک وڑا پاؤ کے لیے ان کا مجموعی خرچ قریباً 15 ہزار روپے ہوچکا تھا۔ پہلا نوالہ لیتے ہی انہوں نے سفر کو قابلِ قدر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ممبئی کا وڑا پاؤ واقعی ’خوابوں کے شہر‘ میں ہی ملتا ہے۔

مزید پڑھیں:وزیرِ تعلیم کے استعفے کا مطالبہ، نئی دہلی میں طلبہ کے احتجاج پر لاٹھی چارج

ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین نے دلچسپ تبصرے کیے۔ ایک صارف نے کہا کہ خاتون نے غیر معمولی لگن کا مظاہرہ کیا، جبکہ کئی صارفین نے ممبئی کے مختلف مقامات کے وڑا پاؤ تجویز کیے۔ بعض نے مشورہ دیا کہ وہ پونے اور ناسک کا وڑا پاؤ بھی آزمائیں۔

ایک صارف نے 15 ہزار روپے کے خرچ پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ اتنے پیسے خرچ کرنے کے بعد وڑا پاؤ پسند آئے یا نہ آئے، تعریف تو کرنی ہی پڑے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp