اسلام آباد پولیس کے بیڑے میں جدید الیکٹرک گاڑیوں کی بڑی تعداد شامل کر دی گئی ہے، جس کا مقصد دارالحکومت میں پولیس پٹرولنگ کو مزید مؤثر، فعال اور ماحول دوست بنانا ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق جدید الیکٹرک گاڑیوں کا شاندار فلیگ مارچ ڈی چوک سے شروع ہوا، جو شہر کی اہم شاہراہوں سے ہوتا ہوا واپس ڈی چوک پر اختتام پذیر ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد پولیس کو 50 الیکٹرک گاڑیاں فراہم، وزیراعظم نے گرین پولیسنگ کا افتتاح کردیا
فلیگ مارچ کے ذریعے پولیس کی نئی گاڑیوں کو شہریوں کے سامنے متعارف کرایا گیا۔
ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے کہا کہ جدید الیکٹرک گاڑیوں کی شمولیت سے شہر بھر میں پولیس پٹرولنگ مزید فعال ہوگی جبکہ فیلڈ میں پولیس نفری کی موجودگی بھی مضبوط بنائی جا سکے گی۔
اسلام آباد پولیس کی نئی الیکٹرک گاڑیوں کا شہر میں فلیگ مارچ، ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق نئی گاڑیوں سے پٹرولنگ کا دائرہ کار وسیع، حساس مقامات اور شاہراہوں کی کڑی نگرانی سے جرائم کی روک تھام میں نمایاں مدد ملے گی۔۔!! pic.twitter.com/IrzEPS6HWw
— Khurram Iqbal (@khurram143) September 9, 2026
’ان گاڑیوں کے ذریعے پٹرولنگ کا دائرہ کار وسیع کیا جائے گا اور حساس مقامات سمیت اہم شاہراہوں کی کڑی نگرانی ممکن ہوگی، جس سے جرائم کی روک تھام میں نمایاں مدد ملے گی۔‘
انہوں نے کہا کہ جدید الیکٹرک گاڑیوں کی مدد سے پولیس کا رسپانس ٹائم بہتر ہوگا اور فیلڈ آپریشنز پہلے سے زیادہ تیز اور مؤثر انداز میں انجام دیے جا سکیں گے۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد پولیس میں انتظامی ردوبدل: 20 افسران، 10 ایس ایچ اوز سمیت تبادلے و نئی تعیناتیاں
ان کا کہنا تھا کہ الیکٹرک گاڑیوں کا پولیس بیڑے میں شامل ہونا اسلام آباد پولیس کی جدید اور ماحول دوست پولیسنگ کی جانب ایک اہم پیشرفت ہے۔
قاضی علی رضا نے مزید کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور تمام دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال کے ذریعے شہریوں کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

’شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے اور جدید وسائل کی فراہمی سے فیلڈ فورس، پٹرولنگ اور سیکیورٹی کے مجموعی نظام کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔‘
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق جدید الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال سے نہ صرف پولیس کی فیلڈ موجودگی میں اضافہ ہوگا بلکہ دارالحکومت میں مؤثر، تیز رفتار اور ماحول دوست پولیسنگ کے نظام کو بھی فروغ ملے گا۔














