مصنوعی ذہانت کی 4 اقسام، مستقبل کی دنیا کو کیسے بدل سکتی ہیں؟

بدھ 9 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مصنوعی ذہانت تیزی سے انسانی زندگی کا حصہ بن رہی ہے، لیکن ماہرین کے مطابق اے آئی کی تمام ٹیکنالوجیز ایک جیسی نہیں۔ فاکس نیوز کے مطابق مصنوعی ذہانت کو اس کی صلاحیتوں اور ارتقائی مراحل کی بنیاد پر 4 بنیادی اقسام میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ ردعمل ظاہر کرنے والی مشینیں، محدود یادداشت، ذہن کو سمجھنے والی اے آئی اور خود آگاہ مصنوعی ذہانت۔

مزید پڑھیں:مصنوعی ذہانت کا بے جا استعمال، نیویارک کے بعد لاس اینجلس کے اسکولوں میں بھی اے آئی پر پابندی

پہلی قسم: ردعمل ظاہر کرنے والی مشینیں

یہ اے آئی کی سب سے بنیادی شکل ہے۔ ایسی مشینیں سامنے آنے والے ڈیٹا یا صورتِحال پر ردعمل دیتی ہیں، لیکن اپنے تجربات سے نئی یادداشت تشکیل نہیں دیتیں۔ فلموں اور پروگراموں کی سفارش کرنے والے بعض نظام اس کی مثال ہیں۔

دوسری قسم: محدود یادداشت رکھنے والی اے آئی

یہ نظام ماضی کے کچھ ڈیٹا یا مشاہدات کو استعمال کرکے بہتر فیصلے کرسکتے ہیں۔ خودکار گاڑیوں میں استعمال ہونے والی مصنوعی ذہانت اس کی ایک مثال ہے، جو اردگرد کے ماحول اور سابقہ معلومات کو سامنے رکھ کر ردعمل دیتی ہے۔

تیسری قسم: ذہن کو سمجھنے والی اے آئی

یہ ابھی تحقیق اور ترقی کے مرحلے میں ہے۔ تصور یہ ہے کہ ایسی مشینیں انسانوں کے جذبات، ارادوں، خیالات اور سماجی رویوں کو سمجھ سکیں گی اور ان کے مطابق اپنا ردعمل تبدیل کرسکیں گی۔

چوتھی قسم: خود آگاہ مصنوعی ذہانت

یہ اے آئی کی سب سے پیچیدہ اور ابھی نظریاتی سطح پر موجود قسم ہے۔ اس مرحلے پر مشین میں اپنی شناخت اور وجود کا شعور پیدا ہونے کا تصور پیش کیا جاتا ہے۔ موجودہ چیٹ بوٹس اور دیگر اے آئی نظام کو ابھی خود آگاہ نہیں سمجھا جاتا۔

مزید پڑھیں:کیمرے اور مصنوعی ذہانت سے لیس جدید الیکٹرک مسواک متعارف

فاکس نیوز کے مطابق پہلے دو درجے کی مصنوعی ذہانت آج مختلف شکلوں میں استعمال ہورہی ہے، جبکہ ذہن کو سمجھنے والی اور خود آگاہ اے آئی مستقبل کی ٹیکنالوجی سے متعلق تصورات ہیں۔ ان کی عملی شکل سامنے آنے کی صورت میں انسان اور مشین کے تعلق، روزگار، تعلیم، صحت اور روزمرہ زندگی میں بڑی تبدیلیاں آسکتی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp