دینہ میں افغان شہریوں کی دکانیں سیل، نیلامی کے لیے مقرر

جمعرات 10 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

دینہ میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں کارروائی کرتے ہوئے افغان شہریوں کی ملکیت یا ان سے منسلک 4 دکانیں سیل کردی گئی ہیں۔ حکام کے مطابق ملک بدر کیے جاچکے افغان شہریوں کی بعض دکانیں مقامی فرنٹ مین کے ذریعے چلائی جا رہی تھیں، جنہیں اب نیلامی کے لیے مقرر کردیا گیا ہے۔

منگلا روڈ دینہ میں سیل کی جانے والی دکانوں میں پشتون کلچرل کلاتھس شاپ، احمد ڈرائی فروٹ، سواد ڈرائی فروٹ اور جمیل برادرز سپر اسٹور شامل ہیں۔

دستیاب اطلاعات کے مطابق پشتون کلچرل کلاتھس شاپ کے مالک فضل حق ملک بدر ہوچکے ہیں اور دکان مبینہ طور پر مقامی فرنٹ مین کے ذریعے چلائی جا رہی تھی۔ احمد ڈرائی فروٹ زبیر اور یوسف کے نام پر ہے، جن کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز ہیں۔ سواد ڈرائی فروٹ کے مالک جمال خان جبکہ جمیل برادرز سپر اسٹور کے مالک تاج خان ولی بھی ملک بدر کیے جاچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:دہشتگردوں کے خلاف کارروائی ناگزیر، افغان شہریوں کے ویزے بحال کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا، پاکستان

حکام کے مطابق مذکورہ دکانوں کو مبینہ طور پر غیر قانونی سرگرمیوں، جن میں منشیات کی فروخت بھی شامل ہے، کے لیے استعمال کیے جانے کی اطلاعات تھیں۔ یہ بھی الزام ہے کہ کاروبار سے حاصل ہونے والی رقم افغانستان منتقل کی جاتی تھی اور وہاں پاکستان مخالف سرگرمیوں اور دہشتگردی کی مبینہ مالی معاونت کے لیے استعمال ہوتی تھی۔

ذرائع کے مطابق غیر قانونی غیر ملکیوں کی واپسی کے منصوبے کے تحت ملک بھر میں ایسے کاروبار کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ اس سے قبل مانسہرہ، صوابی اور خیبر میں دکانیں سیل کیے جانے جبکہ چکوال میں بعض جائیدادیں نیلامی کے لیے پیش کیے جانے کی اطلاعات سامنے آچکی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ قانونی حیثیت کے بغیر کاروبار، رہائش یا دیگر سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جائے گی اور قومی سلامتی سے متعلق قوانین پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp