سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف سے ترک سفیر نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی ہے، جس میں ترکیہ نے پاکستان کے بحری شعبے اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری میں بھاری سرمایہ کاری کے لیے گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز سے ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو کی یہ اہم ملاقات وزیراعظم ہاؤس میں ہوئی۔ اس اعلیٰ سطح کی بریفنگ اور نشست میں ترکیہ کے نائب سفیر برک ایجے بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ سفارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف کی پرائم منسٹر ہاؤس میں اہم ملاقاتیں، یوتھ پروگرام کے اجلاس کی صدارت
دونوں رہنماؤں نے رہنماؤں نے دفاعی تعاون میں ہونے والی حالیہ پیش رفت کو سراہتے ہوئے دوطرفہ تجارت اور خطے میں مشترکہ سرمایہ کاری کو مزید فروغ دینے پر تفصیلی گفتگو کی۔
ترک سرمایہ کاروں کی میگا پراجیکٹس پر نظریں
معاشی محاذ پر اس ملاقات میں ایک اہم پیش رفت یہ سامنے آئی کہ ترک سفیر نے پاکستان کے کلیدی معاشی شعبوں میں ترک کاروباری اداروں کی شمولیت بڑھانے کا عندیہ دیا۔
انہوں نے خاص طور پر بحری شعبے، بڑے انفراسٹرکچر پراجیکٹس اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی مجوزہ نجکاری و تنظیم نو میں ترکیہ حکومت اور سرمایہ کاروں کی جانب سے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ حکومتِ پاکستان اس وقت توانائی کے شعبے میں گردشی قرضوں کے خاتمے کے لیے ‘ڈسکوز’ کی نجکاری کے ایجنڈے پر تیزی سے کام کر رہی ہے۔
سیاسی تعلقات کو معاشی شراکت داری میں بدلنے پر زور
سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے پاکستان کے معاشی استحکام میں ترکیہ کی مسلسل اور بے لوث دلچسپی کا پرجوش خیرمقدم کیا۔
مزید پڑھیں:نواز شریف کی ہدایت کے باوجود حمزہ شہباز پارٹی امور میں دلچسپی کیوں نہیں لے رہے؟
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان قائم مضبوط سیاسی اور سفارتی تعلقات کو اب وسیع تر معاشی، تجارتی اور بزنس ٹو بزنس (بی ٹو بی) تعاون کے ٹھوس سانچے میں ڈھالنے کا وقت آ گیا ہے۔
ملاقات کے اختتام پر فریقین نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے اور مستقبل میں اقتصادی تعاون کو باہمی مفاد میں مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔














