سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف سے پرائم منسٹر ہاؤس میں سابق و موجودہ اراکینِ اسمبلی اور سینیٹرز نے اہم ملاقاتیں کی ہیں جبکہ انہوں نے پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے حوالے سے منعقدہ ایک اعلا سطح کے اجلاس کی صدارت بھی کی۔
یہ بھی پڑھیں: سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سیاسی طور پر متحرک، کیا ہیڈ آف پبلک افیئرز کا آفس جوائن کرلیا؟
ملاقاتوں میں علاقائی مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی اور حمزہ شہباز شریف نے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ ان سے سائرہ افضل تارڑ، جمال شاہ کاکڑ اور حفیظ الرحمن دریشک نے ملاقات کی۔
سابق ایم این اے مرتضیٰ جاوید عباسی، خرم دستگیر اور سابق سینیٹر بہرہ مند تنگی نے بھی حمزہ شہباز شریف سے تفصیلی گفتگو کی اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
اجلاس میں چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس کے دوران نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور روزگار سے متعلق اہم فیصلے اور ہدایات جاری کی گئیں۔
مزید پڑھیے: سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف کیوں خاموش ہیں؟
سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے بلوچستان، خیبر پختونخوا، جنوبی پنجاب اور چھوٹے شہروں کے نوجوانوں کو جدید ٹیکنیکل کورسز کروانے کی ہدایت کی تاکہ انہیں بااختیار بنایا جا سکے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تکنیکی کورسز میں شامل ہونے والے نوجوانوں کو دورانِ تربیت ماہانہ وظائف بھی فراہم کیے جائیں گے۔
مزید پڑھیں: نواز شریف کی ہدایت کے باوجود حمزہ شہباز پارٹی امور میں دلچسپی کیوں نہیں لے رہے؟
حمزہ شہباز شریف نے ٹیکنیکل کورسز کی مکمل سرپرستی کا عزم ظاہر کیا اور تربیت کی مکمل فراہمی کے بعد مارکیٹ میں نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے بھی تفصیلی بات چیت کی۔














