مالی مشکلات اب تعلیم کی راہ میں رکاوٹ نہیں، پنجاب میں ایک لاکھ سے زیادہ لیپ ٹاپس، ہزاروں اسکالرشپس تقسیم

جمعرات 10 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب حکومت کے ہونہار اسکالرشپ اینڈ لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت صوبے بھر میں اب تک 100,000 سے زائد لیپ ٹاپس اور ہزاروں سکالرشپس ہونہار طلبہ میں تقسیم کی جا چکی ہیں۔

میرٹ کی بنیاد پر دی جانے والی یہ سہولت غریب اور متوسط طبقے کے طلبہ کے لیے اعلیٰ تعلیم کا دروازہ کھول رہی ہے۔

ہر سال ہزاروں طلبہ کیوں تعلیم ادھوری چھوڑ دیتے ہیں؟

پنجاب میں ہر سال لاکھوں طلبہ امتحانات میں کامیابی حاصل کر کے جامعات میں داخلہ تو لے لیتے ہیں، مگر ان میں سے ایک بڑی تعداد آگے نہیں بڑھ پاتی۔ وجہ ناکامی نہیں بلکہ مالی مشکلات ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد میں ن لیگ کا جلسہ: مریم نواز کے گرین بسوں، موبائل اسپتال، اسکالر شپس اور لیپ ٹاپس سمیت اہم اعلانات

متوسط یا کم آمدنی والے گھرانے کے لیے کسی معیاری جامعہ کے ایک سمسٹر کی فیس، اکثر ایک ماہ کی گھریلو آمدنی سے بھی زیادہ ہوتی ہے۔

معاشی بحران کے باعث پاکستان میں متوسط طبقے کے لیے تعلیم کا حصول روز بروز مشکل ہوتا جا رہا ہے، جبکہ تعلیم ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔

ہونہار سکالرشپ اینڈ لیپ ٹاپ اسکیم کیا ہے؟

اسی صورتحال کے پیش نظر حکومت پنجاب نے ’ہونہار سکالرشپ اینڈ لیپ ٹاپ اسکیم‘ کا آغاز کیا، جسے صوبے کی تاریخ کا ایک اہم منصوبہ قرار دیا جا رہا ہے۔

اسکیم کا بنیادی مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ کوئی بھی ہونہار طالب علم محض مالی مشکلات کے باعث تعلیم سے محروم نہ رہے۔

اس منصوبے کے تحت اب تک ہزاروں سکالرشپس اور 1 لاکھ سے زیادہ لیپ ٹاپس، پنجاب کے ہر ضلع کے طلبہ میں تقسیم کیے جا چکے ہیں۔

لاہور سے لے کر جنوبی پنجاب تک، سرکاری جامعات سے میڈیکل کالجز تک، ہر سطح کے طلبہ اس سہولت سے مستفید ہو رہے ہیں۔

میرٹ ہی واحد کسوٹی

حکومتی مؤقف کے مطابق اس اسکیم میں سفارش یا سیاسی اثر و رسوخ کا کوئی عمل دخل نہیں، صرف اور صرف میرٹ کو بنیاد بنایا گیا ہے۔

لڑکے ہوں یا لڑکیاں، شہری علاقے ہوں یا دیہی، ہر ضلع اور ہر پس منظر سے تعلق رکھنے والے ہونہار طلبہ اس اسکیم میں شامل ہیں۔

مزید پڑھیں:85 پاکستانی طلبا کے لیے فل برائٹ اسکالرشپس، امریکا نے طلبا ویزوں کی شرائط بھی سخت کر دیں

حکام کا کہنا ہے کہ ہر تقسیم ہونے والے لیپ ٹاپ اور ہر دی جانے والی اسکالرشپ کے پیچھے ایک خاندان کی امید اور ایک طالب علم کا خواب پوشیدہ ہے۔

تعلیم خیرات نہیں، سرمایہ کاری ہے

حکومت پنجاب کا مؤقف ہے کہ تعلیم کو خیرات کے طور پر نہیں بلکہ صوبے کے سب سے بڑے قومی وسائل، یعنی نوجوان نسل میں سرمایہ کاری کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔ جتنے زیادہ طلبہ کو یہ سہولت ملے گی، صوبے کا مستقبل اتنا ہی روشن ہوگا۔

اسکیم کے ذریعے حکام کا پیغام واضح ہے، ہر ہونہار طالب علم کی صلاحیت اور خواب اہمیت رکھتے ہیں اور اب انہیں آگے بڑھنے کے لیے ضروری سہولت بھی میسر ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp