حکومت کا پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید اضافے کا اعلان

جمعرات 10 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حکومت پاکستان نے جمعرات کے روز پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 3.05 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5.37 روپے فی لیٹر اضافے کا اعلان کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عالمی تیل کی قیمتیں 105 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئیں، فراہمی میں رکاوٹوں کے خدشات بھی بڑھ گئے

پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 11 ستمبر (جمعہ) سے ہوگا۔

پیٹرول

3.05 روپے اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 370.80 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ حکومت اس وقت پیٹرول پر فی لیٹر 114 روپے ٹیکس اور ڈیوٹیز وصول کر رہی ہے۔

ڈیزل

5.37 روپے اضافے کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 398.04 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ ڈیزل پر عائد ٹیکسز اور ڈیوٹیز کی شرح 100 روپے فی لیٹر ہے۔

عالمی حالات اور قیمتوں کا پس منظر

مڈل ایسٹ کی کشیدگی اور امریکی و ایرانی تنازع کے باعث عالمی منڈی میں پیدا ہونے والے اتار چڑھاؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے 17 جولائی کو اعلان کیا تھا کہ اب اوگرا روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کرے گا۔

اس سے قبل قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر ردوبدل کیا جا رہا تھا اور 3 اپریل کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح (پیٹرول 458.41 روپے اور ڈیزل 520.35 روپے فی لیٹر) پر پہنچ گئی تھیں۔

پیٹرولیم مصنوعات پاکستان میں برائے راست عوامی اور صنعتی معیشت سے جڑی ہیں جہاں ہر ماہ تقریباً 7 لاکھ سے 8 لاکھ ٹن پیٹرول اور ڈیزل فروخت ہوتا ہے۔

مزید پڑھیے: کیا دُنیا معاشی ’زلزلے‘ کی طرف بڑھ رہی ہے، خام تیل کی عالمی قیمتیں کب اور کیوں بے قابو ہوئیں؟

پیٹرول کی قیمت میں اضافے سے عام شہریوں، موٹر سائیکل اور رکشہ ڈرائیوروں پر بوجھ بڑھتا ہے جبکہ ڈیزل کی مہنگائی سے بھاری ٹرانسپورٹ، زراعت اور پاور جنریٹرز کے اخراجات بڑھنے سے مہنگائی کا نیا طوفان آتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp