منفی پروپیگنڈے کا توڑ، ڈیجیٹل میڈیا کے کردار پر عطا تارڑ کی حمزہ شہباز کوبریفنگ

جمعہ 11 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مسلم لیگ ن کے نائب صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے وزارت اطلاعات و نشریات کے ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کا دورہ کیا، جہاں انہیں ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے حکومتی اقدامات اور قومی بیانیے کو اجاگر کرنے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی سیکریٹری اطلاعات اشفاق احمد خلیل اور وزارت کے دیگر اعلیٰ افسران نے حمزہ شہباز شریف کا استقبال کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے انہیں ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کے مختلف شعبوں، دائرہ کار اور امور کار پر تفصیلی بریفنگ دی۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ موجودہ دور میں ڈیجیٹل میڈیا اطلاعات کی ترسیل اور عوام سے رابطے کا مؤثر ذریعہ بن چکا ہے، پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈے اور من گھڑت خبروں کی روک تھام بھی ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کی اہم ذمہ داری ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سیرتِ نبویؐ پر عمل کی ضرورت آج پہلے سے کہیں زیادہ ہے، وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ

انہوں نے کہا کہ حکومت کے مثبت اقدامات اور قومی بیانیے کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ اور پی ٹی وی ڈیجیٹل اس مقصد کے حصول میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

حمزہ شہباز شریف نے ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کے مختلف شعبوں میں جاری سرگرمیوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے وزارت اطلاعات کی کاوشوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا عوام تک بروقت معلومات پہنچانے اور حکومتی اقدامات کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کا اہم ذریعہ ہے، جبکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے مؤثر استعمال سے پاکستان کا مثبت تشخص اور قومی بیانیہ دنیا تک پہنچایا جاسکتا ہے۔

ملاقات کے دوران ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، سوشل میڈیا اور دیگر پلیٹ فارمز کے ذریعے عوامی رابطے اور مؤثر ابلاغ کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ پی ٹی وی ڈیجیٹل کے ذریعے مواد کی ڈیجیٹل رسائی مزید وسعت دینے پر بھی گفتگو ہوئی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر رانا مبشر اقبال، وزیر مملکت عبدالرحمان کانجو، وزیراعظم کے میڈیا کوآرڈینیٹر بدر شہباز وڑائچ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طلحہ برکی بھی موجود تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp