کیتھے پیسفک کی پروازوں کی بحالی، پاکستان نے ہانگ کانگ سے بڑا مطالبہ کردیا

جمعہ 11 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان نے ہانگ کانگ سے کیتھے پیسفک کی پاکستان کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کرنے پر غور کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ فضائی رابطوں میں بہتری سے تجارت، سیاحت اور کاروباری روابط کو فروغ مل سکتا ہے۔

یہ بات وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور ہانگ کانگ خصوصی انتظامی خطے کے چیف ایگزیکٹو جان لی کا چیو کے درمیان ملاقات میں سامنے آئی۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان تجارت، معاشی تعاون اور عوامی روابط مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزارت تجارت کے مطابق جام کمال نے خدمات کی تجارت، ہوا بازی، مالیاتی شعبے اور کاروباری اداروں کے درمیان روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

یہ بھی پڑھیں:پی آئی اے کی نجکاری کا عمل مکمل ہونا نئے دور کا آغاز، معاشی اصلاحات کا سلسلہ جاری رہے گا، وزیراعظم شہباز شریف

انہوں نے خاص طور پر ہانگ کانگ سے کیتھے پیسفک کی پاکستان کے لیے پروازیں بحال کرنے پر غور کرنے کی درخواست کی اور کہا کہ بہتر فضائی رابطوں سے کاروباری سرگرمیوں، سیاحت اور تجارتی تبادلوں میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

جام کمال نے ہانگ کانگ میں مقیم پاکستانی برادری کے اہم کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ پاکستانی تارکین وطن ترسیلات زر اور دونوں خطوں کے عوامی روابط مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

ملاقات میں جان لی نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ کشیدگی میں کمی اور استحکام عالمی معاشی ترقی کے لیے ضروری ہے۔

دونوں جانب سے باہمی معاشی مفادات کے نئے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، جبکہ جام کمال نے ہانگ کانگ کے چیف ایگزیکٹو کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp