پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ (پی ایم ڈی) نے جمعہ کے روز بتایا کہ کراچی میں 14 سے 16 ستمبر کے دوران وقفے وقفے سے گرج چمک کے اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: موسمیاتی آفات کا مقابلہ: 5 پاکستانی شہر کمزور شہروں میں شامل، بھارت کے احمدآباد سے قدرے بہتر
محکمہ موسمیات نے اپنی موسمی پیشگوئی میں بتایا کہ خلیجِ بنگال کے شمال مغرب اور اس سے ملحقہ اوڈیشہ کے ساحلی علاقے پر مون سون کا ایک کم دباؤ کا نظام موجود ہ جس کے مغرب کی جانب بڑھنے کا امکان ہے۔
اس نظام کے زیر اثر تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، ٹھٹھہ، سجاول اور ٹنڈو محمد خان میں 13 ستمبر کی شام سے 16 ستمبر تک گرد آلود آندھی کے ساتھ بارش متوقع ہے جس میں بعض مقامات پر معتدل سے موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔
اس کے علاوہ سانگھڑ، خیرپور، حیدرآباد، ٹنڈو الہ یار، مٹیاری، شہید بینظیرآباد اور جامشورو میں بھی 14 سے 16 ستمبر تک وقفے وقفے سے ہلکی سے معتدل گرد آلود آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیے: موسمیاتی پیشگوئی میں انقلاب، جدید ٹیکنالوجی سے بروقت وارننگ ممکن
کراچی کے لیے محکمہ موسمیات نے جمعہ سے اتوار تک کے 3 روزہ موسمی جائزے میں کم از کم درجہ حرارت 25 اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔














