پاکستان مسلم لیگ ن کے نائب صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے پمز اسپتال کا دورہ کیا اور آتشزدگی کے واقعے میں متاثرہ والدہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
حمزہ شہباز نے پمز کے دورے کے موقع پر کہا کہ جو بچے اس دنیا سے رخصت ہو گئے، ان کے ماں باپ کے غم کو کوئی لفظ اور کوئی ہمدردی کم نہیں کر سکتی، یہ ایسا زخم ہے جسے پوری قوم نے محسوس کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سانحہ پمز کے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ کا تحریری حکم نامہ جاری
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ غمزدہ خاندان کی خوشیاں دوبارہ بحال کرے اور انہیں یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دے۔
حمزہ شہباز نے پمز کے متاثرہ نرسری وارڈ کا بھی دورہ کیا، جہاں ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز اور سینیئر ڈاکٹرز نے انہیں واقعے اور امدادی اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ کوئی بھی لفظ ایسا نہیں جو متاثرہ خاندانوں کے غم کو کم کر سکے، پوری قوم اس افسوسناک واقعے پر رنجیدہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف سے سانحہ پمز میں نومولود کو بچانے والی نرس کی ملاقات، حادثے کی ساری روداد سنادی
انہوں نے کہا کہ میں متاثرہ والدین کا غم بانٹنے اور ان کے ساتھ اظہارِ تعزیت اور دعا کے لیے آیا ہوں۔ ہماری کوشش ہے کہ آئندہ ایسے واقعات دوبارہ رونما نہ ہوں۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ بطور قوم ہمیں اپنی ذمہ داری کا احساس ہونا چاہیے۔














