سندھ اسمبلی نے صوبے میں رینجرز کے خصوصی اختیارات میں ایک سال کی توسیع کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ رینجرز کی کارروائی: خیبرپختونخوا حملے میں ملوث ملزم کراچی سے گرفتار
ایوان میں اختیارات میں توسیع کی قرارداد وزیر قانون ضیاء الحسن لنجار نے پیش کی۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ سندھ رینجرز نے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر جرائم کے خلاف مؤثر اور کامیاب کارروائیاں کی ہیں، جس کے نتیجے میں ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، اسٹریٹ کرائم اور دیگر سنگین جرائم میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔
متن میں مزید کہا گیا ہے کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے رینجرز کی تعیناتی جاری رکھنا ناگزیر ہے لہٰذا آئین کے آرٹیکل 147 کے تحت سندھ میں رینجرز کی تعیناتی میں مزید ایک سال کی توسیع کی جائے۔
دوسری جانب ایوان میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرنے کی قرارداد بھی متفقہ طور پر منظور کی گئی۔
مزید پڑھیے: رینجرز دفتر پر حملہ، سی ٹی ڈی میں مرکزی مقدمہ درج، سنگین دفعات شامل
اس کے علاوہ سندھ اسمبلی نے فاطمیہ انٹرنیشنل یونیورسٹی، اقراء یونیورسٹی اور بے نظیر بھٹو ہیومن ریسرچ بورڈ سے متعلق ترمیمی بلز بھی منظور کرلیے۔














