کراچی میں افسوسناک سانحہ، اورنگی ٹاؤن میں اسکول کی دیوار گر گئی، 5 افراد جاں بحق، 2 زخمی

جمعہ 11 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں ایک سرکاری اسکول کی دیوار گرنے کے افسوسناک واقعے میں 5 افراد جاں بحق اور 2 شدید زخمی ہو گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق ملبے تلے دبنے والے مبینہ طور پر منشیات کے عادی تھے جو خستہ حال دیوار سے لوہے کا سریہ نکالنے کی کوشش کر رہے تھے۔

یہ جان لیوا حادثہ اورنگی ٹاؤن کے سیکٹر 11 ایل بلاک میں واقع ایک ‘میونسپل اسکول’ کے قریب پیش آیا۔

اچانک دیوار گرنے سے وہاں موجود کئی افراد ملبے تلے دب گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

یہ بھی پڑھیں: دیوارِ برلن نے خاندان بانٹ دیا، دیوار گری تو بھی دلوں کی دوریاں باقی رہ گئیں

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ افراد اسکول کی دیوار کو نقصان پہنچا کر اس میں سے سریہ نکال رہے تھے جس کے باعث دیوار کا ڈھانچہ کمزور ہوا اور وہ گر گئی۔

تاہم پولیس نے واقعے کی تمام پہلوؤں سے تفتیش شروع کر دی ہے تاکہ حادثے کی اصل وجوہات کا حتمی تعین کیا جا سکے۔

اسپتال میں ایمرجنسی نافذ

واقعے کے فوراً بعد ایدھی ایمبولینسز اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ ملبے سے 5 افراد کی لاشیں اور 2 زخمیوں کو نکال کر فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ایک ساتھ اتنی بڑی تعداد میں اموات اور زخمیوں کی منتقلی کے بعد اسپتال انتظامیہ نے ایمرجنسی وارڈ کو ہائی الرٹ کر دیا۔

عباسی شہید اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر فیصل صمدانی کے مطابق  حادثے کی اطلاع ملتے ہی تمام متعلقہ طبی عملے کو فوری طور پر ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ پہنچنے کی ہدایت کی گئی۔

زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی امداد فراہم کرنے کے لیے ڈاکٹرز، نرسیں اور پیرا میڈیکل سٹاف مستعد ہے، جبکہ ریڈیولوجی ڈیپارٹمنٹ اور بلڈ بینک کو بھی مکمل طور پر فعال رکھا گیا ہے۔

سرچ آپریشن

پولیس اور امدادی کارکنوں نے جائے وقوعہ پر ملبہ ہٹانے کا کام مکمل کر لیا ہے اور سرچ آپریشن کے ذریعے اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ کوئی اور شخص اب ملبے تلے نہیں دبا۔

مزید پڑھیں:اسلام آباد: پھلگراں میں حفاظتی دیوار پہلی ہی بارش میں گر گئی، تعمیراتی معیار پر سوالات

حکام کی جانب سے اسکول کی دیوار کی ساختی حالت کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ معلوم ہو سکے کہ کیا دیوار پہلے سے ہی خستہ حالی کا شکار تھی یا نہیں۔

واضح رہے کہ کراچی میں میونسپل اداروں کے زیرِ انتظام چلنے والے سرکاری اسکولوں اور پرانی عمارتوں کی خستہ حالی ایک دیرینہ اور سنگین مسئلہ ہے، جس کی بروقت مرمت نہ ہونے کے باعث شہر میں اس نوعیت کے حادثات اکثر رونما ہوتے رہتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp