بھارت میں آن لائن جوئے اور بیٹنگ کا بڑھتا رجحان کئی خاندانوں کو مالی مشکلات، قرض اور ذہنی دباؤ کی جانب دھکیل رہا ہے۔
ریاست تلنگانہ کے ضلع نظام آباد کے گاؤں یداپلی میں 22 سالہ ہریش کی کہانی اس بحران کی سنگینی کو ظاہر کرتی ہے، جس نے کورونا وبا کے دوران آن لائن بیٹنگ شروع کی تھی۔
پولیس کے مطابق ابتدا میں معمولی رقم سے شروع ہونے والی بیٹنگ بتدریج بھاری نقصانات اور قرضوں میں تبدیل ہوگئی۔
یہ بھی پڑھیں: آن لائن جوا بڑھتی ہوئی وبا: اٹلی کا شہری زندگی بھر کی جمع پونجی سے محروم ہوگیا
ہریش نے مبینہ طور پر تقریباً 18 لاکھ بھارتی روپے بیٹنگ میں گنوائے اور گاؤں کے کم از کم 12 افراد سے قرض لیا۔
والدین نے قرض چکانے کے لیے زمین کا ایک ٹکڑا فروخت کیا، جبکہ بعد ازاں ہریش اور اس کی والدہ نے ایک کیٹرر کے ساتھ کام بھی شروع کیا، تاہم مالی دباؤ کم نہ ہوسکا۔
3 اکتوبر 2024 کو ہریش، اس کے 53 سالہ والد رنگناوینی سریش اور 45 سالہ والدہ ہیما لتھا نے اپنے گھر میں خودکشی کرلی۔

ہریش کے کزن کے مطابق خاندان کو اس کے قرضوں کی مکمل معلومات اس وقت ہوئیں جب قرض خواہ رقم واپس لینے کے لیے گھر آنے لگے۔
یہ واقعہ بھارت میں آن لائن جوئے کے بڑھتے ہوئے بحران کی ایک مثال ہے۔
ایک صنعتی رپورٹ کے مطابق 2024 میں بھارت میں تقریباً 59 کروڑ گیمرز تھے، جبکہ آن لائن گیمنگ شعبے نے تقریباً 3.7 ارب ڈالر آمدن حاصل کی۔
رپورٹ کے مطابق اس آمدن کا تقریباً 86 فیصد رقم سے متعلق گیمنگ سے آیا۔
مزید پڑھیں: امریکی نابالغوں میں آن لائن جوا عام، ماہرین نے خبردار کردیا
ماہرین کے مطابق آن لائن بیٹنگ میں نقصان کے بعد رقم واپس حاصل کرنے کی خواہش صارف کو مزید بڑی شرط لگانے پر مجبور کرتی ہے، جس سے قرض اور مالی تباہی کا سلسلہ شروع ہوسکتا ہے۔
تلنگانہ میں ایسے دیگر واقعات بھی سامنے آئے جہاں نوجوانوں نے بیٹنگ کے باعث قرض لیا اور بعد ازاں خودکشی کی۔
بھارت نے آن لائن رقم سے متعلق تمام گیمنگ پر پابندی عائد کرنے کے لیے 2025 میں قانون منظور کیا، جو یکم مئی 2026 سے نافذ العمل ہوا۔ قانون کے تحت رقم سے متعلق آن لائن کھیل، ان کی تشہیر اور سہولت کاری ممنوع قرار دی گئی ہے۔

تاہم ماہرین کے مطابق غیر قانونی اور بیرون ملک سے چلنے والے پلیٹ فارمز اب بھی ایک بڑا چیلنج ہیں، ویب سائٹس نئے ڈومینز کے ذریعے دوبارہ فعال ہوجاتی ہیں، جبکہ سوشل میڈیا اور نجی پیغام رسانی کے ذریعے بھی بیٹنگ کی تشہیر جاری رہتی ہے۔
بھارتی اشتہاری معیارات کونسل کے مطابق 2025 میں 7,927 آف شور بیٹنگ اشتہارات کی نشاندہی کی گئی، جبکہ اپریل سے دسمبر کے دوران 854 انفلوئنسرز کو آف شور بیٹنگ کی تشہیر سے منسلک پایا گیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ آن لائن جوئے کے مالی اور نفسیاتی اثرات صرف فرد تک محدود نہیں رہتے بلکہ پورے خاندان کو متاثر کرسکتے ہیں۔














