مریم نواز کی صاحبزادی کی شادی کی تقریب، نواز شریف، شہباز شریف سمیت اہم شخصیات کی شرکت

ہفتہ 12 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی صاحبزادی ماہ نور صفدر کا معروف صنعت کار کے بیٹے اذان جبار کے ساتھ نکاح کی پروقار تقریب جاتی امرا میں جاری ہے۔

اس خاندانی تقریب میں وزیر اعظم شہباز شریف، سربراہ مسلم لیگ (ن) نواز شریف اور دیگر اہم سیاسی و خاندانی شخصیات نے شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی صاحبزادی کے نکاح کی تقریب آج بروز ہفتہ شام 5 بجے سے جاتی امرا کے مقام پر منعقد کی جا رہی ہے۔

خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس خوشی کے موقع پر سادگی کو ترجیح دی گئی اور تقریب کو انتہائی محدود رکھا گیا جس میں صرف شریف خاندان کے افراد، قریبی رشتہ داروں اور عزیز و اقارب کو ہی مدعو کیا گیا تھا۔

اہم سیاسی اور خاندانی شخصیات کی آمد

اس پرمسرت موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف خصوصی طور پر نکاح میں شرکت کے لیے جاتی امرا پہنچے۔

یہ بھی پڑھیں:مریم نواز کی صاحبزادی ماہ نور صفدر کے نکاح کی تقریب آج جاتی امرا میں ہوگی

ان کے علاوہ سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف، ماہ نور کے والد کیپٹن (ریٹائرڈ) محمد صفدر، حسن نواز اور حسین نواز بھی وہاں موجود تھے۔

تقریب میں حکومتی سطح سے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے بھی شرکت کی۔

دولہا کون ہے؟

خاندانی ذرائع کے مطابق ماہ نور صفدر کے جیون ساتھی اذان جبار کا تعلق ایک معروف کاروباری اور تجارتی گھرانے سے ہے۔ ان کے والد جبار خالد ملک کے نامور صنعت کار ہیں اور ان کا خاندان فلور ملز کی وسیع صنعت سے وابستہ ہے۔

واضح رہے کہ یہ تقریب ایک ایسے وقت میں منعقد ہوئی ہے جب ماہ نور صفدر حال ہی میں لندن کی ایس او اے ایس یونیورسٹی سے اپنی اعلیٰ تعلیم اور گریجویشن مکمل کر کے وطن واپس لوٹی ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی حال ہی میں اپنی صاحبزادی کی گریجویشن تقریب میں شرکت کے لیے لندن کے نجی دورے پر گئی تھیں۔

لندن میں بیٹی کی گریجویشن کے موقع پر مریم نواز نے اپنی کامیابی اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اللہ کے فضل و کرم سے ان کے تینوں بچوں نے اپنی اعلیٰ تعلیم مکمل کر لی ہے۔

مریم نواز اور ماہ نور صفدر کی لندن سے وطن واپسی کے فوراً بعد ہی خاندانی مشاورت سے اس نکاح کی تاریخ کو حتمی شکل دی گئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp