وزیراعظم کے پیٹرول میں ریلیف کے اعلان کے باوجود کیا جماعت اسلامی اور حکومت کے درمیان مذاکرات ہوں گے؟

اتوار 13 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پیٹرولیم لیوی کے خاتمے پر حکومت اور جماعتِ اسلامی کے مذاکرات کا تیسرا دور وزیرِ اعظم کی درخواست پر پیر کے بجائے اب 15 ستمبر کو ہوگا، جبکہ وزیراعظم نے پیٹرول میں خصوصی ریلیف دینے کا بھی اعلان کر دیاہے۔

دوسری جانب جماعت اسلامی پاکسان نے مطالبات کی عدم منظوری پر 20 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کی حتمی وارننگ بھی دے رکھی ہے۔

جماعتِ اسلامی کے شعبہ اطلاعات کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق حکومت اور جماعت کے درمیان ‘پیٹرولیم لیوی’ پر بات چیت کا تیسرا دور پہلے پیر کو شیڈول تھا۔

یہ بھی پڑھیں:پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ ردوبدل کا نیا نظام، کیا عوام کو ریلیف ملے گا؟

 تاہم وزیرِ اعظم شہباز شریف کی جانب سے مہلت مانگنے پر اب یہ اہم اجلاس منگل کو منعقد کیا جائے گا۔

وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال نے حکومتی پیغام جماعتِ اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ تک پہنچایا۔

علاوہ ازیں، ‘آئی پی پیز’ کے سنگین معاملے پر مذاکرات کا دور بدھ کو ہوگا، جس میں جماعتِ اسلامی اپنا دو ٹوک اور واضح مؤقف پیش کرے گی۔

سابقہ ادوار اور عوام پر ٹیکسز کا بھاری بوجھ

حکومت اور جماعتِ اسلامی کے مابین اب تک مذاکرات کے 2 ادوار مکمل ہو چکے ہیں، جن کا آغاز ماہرین پر مشتمل کمیٹیوں کی تشکیل سے ہوا تاکہ لیوی کم کرنے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ٹھوس تجاویز مرتب کی جا سکیں۔

واضح رہے کہ حکومت اس وقت پیٹرول پر 114 روپے اور ڈیزل پر 100 روپے فی لیٹر مختلف ٹیکسز اور ڈیوٹیز وصول کر رہی ہے۔

 7 ستمبر کو ہونے والے پہلے دور میں جماعتِ اسلامی نے 6 اہم تجاویز حکومتی کمیٹی کے حوالے کی تھیں۔ اس موقع پر لیاقت بلوچ نے نشاندہی کی تھی کہ پیٹرول اور ڈیزل پر عائد 80 روپے کی براہِ راست پیٹرولیم لیوی قومی معیشت پر انتہائی منفی اثرات مرتب کر رہی ہے۔

ملک گیر دھرنے اور اسلام آباد مارچ کا الٹی میٹم

فریقین کے درمیان رابطوں کا یہ سلسلہ 16 اگست سے ملک بھر میں جاری دھرنوں کے نتیجے میں شروع ہوا۔

مزید پڑھیں:وزیرِاعظم شہباز شریف کا بڑا فیصلہ، موٹرسائیکل، رکشہ اور چھوٹی گاڑیوں کے لیے پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر خصوصی ریلیف کا اعلان

لاہور، پشاور اور کراچی سمیت درجنوں مقامات پر پیٹرولیم لیوی اور ہوشربا مہنگائی کے خلاف احتجاج مسلسل جاری ہے۔

ہفتے کو امیرِ جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے حکومت کو سخت الفاظ میں متنبہ کیا ہے کہ اگر عوام دشمن لیوی واپس نہ لی گئی تو 20 ستمبر کو یہ احتجاجی تحریک اسلام آباد کا رخ کر لے گی۔

ادھر لیاقت بلوچ نے بھی واضح کیا ہے کہ مذاکرات کے دوران بھی ملک بھر میں جاری پرامن دھرنوں اور احتجاج کا سلسلہ بلا تعطل جاری رہے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp