پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں پیر کو کاروبار کے آغاز پر شدید مندی دیکھی گئی اور بینچ مارک کے ایس سی 100 انڈیکس تقریباً 1500 پوائنٹس گر گیا۔
صبح 9 بج کر 40 منٹ پر بینچ مارک کے ایس سی 100 انڈیکس 1,481.28 پوائنٹس یعنی 0.87 فیصد کمی کے بعد 169,030.57 پوائنٹس پر آگیا۔
یہ بھی پڑھیں: خام تیل مہنگا، ایشیائی مارکیٹیں دباؤ کا شکار، پاکستان اسٹاک ایکسچینج بھی مندی کی لپیٹ میں
مارکیٹ میں آٹو موبائل، سیمنٹ، کمرشل بینکوں، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن، آئل مارکیٹنگ اور بجلی پیدا کرنے والی کمپنیوں کے حصص میں نمایاں فروخت کا دباؤ دیکھا گیا۔
مسلم کمرشل بینک، میزان بینک، حبیب بینک، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ، آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ، ماری پیٹرولیم، حبکو پاور اور نیشنل بینک جیسے انڈیکس پر اثرانداز ہونے والے بڑے حصص منفی زون میں کاروبار کرتے رہے۔
PSX Opened Negative 👇
☀️ KSE 100 opened negative by -1242.21 points this morning. Current index is at 169,269.65 points (9:45 AM) pic.twitter.com/2v4sma1bqW— Investify Pakistan (@investifypk) September 14, 2026
ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازع نے گزشتہ ہفتے بھی سرمایہ کاروں کے اعتماد کو متاثر کیا تھا۔
بحری سلامتی، عالمی تجارت میں ممکنہ خلل اور خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے خدشات کے باعث گزشتہ ہفتے کے ایس ای 100 انڈیکس 4,816.95 پوائنٹس، یعنی 2.7 فیصد، کمی کے بعد 170,511.86 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
عالمی منڈیوں میں بھی پیر کو مندی کا رجحان رہا، رسد میں ممکنہ رکاوٹوں کے خدشات کے باعث خام تیل کی قیمتوں میں دوبارہ تیزی آئی، جبکہ سرمایہ کار امریکا اور جاپان میں رواں ہفتے ممکنہ شرح سود میں اضافے کے امکانات پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
خلیج میں نئے حملوں اور بحری جہازوں کو درپیش خطرات نے عالمی توانائی کی سپلائی کے حوالے سے خدشات بڑھا دیے ہیں، ایران اور خلیجی عرب ممالک کے درمیان عمان میں آبنائے ہرمز کھولنے سے متعلق مذاکرات بھی مؤخر ہوگئے ہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق آبنائے ہرمز اور باب المندب میں بحری آمدورفت کو خطرات برقرار رہنے کی صورت میں خام تیل کی قیمتیں طویل عرصے تک بلند رہ سکتی ہیں، جس سے عالمی افراطِ زر میں مزید اضافہ ہوگا۔
برینٹ خام تیل کی قیمت 2.6 فیصد اضافے سے 107.36 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی خام تیل 2.4 فیصد اضافے سے 102.48 ڈالر فی بیرل ہوگیا۔ گزشتہ ہفتے برینٹ کی قیمت میں تقریباً 9 فیصد اضافہ ہوا تھا۔
مزید پڑھیں: اسٹاک مارکیٹ بلند ترین سطح پر پہنچ کر مندی سے دوچار، کیا معیشت خطرے میں ہے؟
ایشیائی مارکیٹس میں جاپان کا نکی 1.7 فیصد اور جنوبی کوریا کی مارکیٹ 3.3 فیصد نیچے آئی، جبکہ امریکا میں S&P 500 فیوچرز 0.5 فیصد اور Nasdaq فیوچرز 1.1 فیصد کمی کا شکار رہے۔













