وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف سے جرمن کمشنر برائے مذہبی آزادی تھامس ریچل نے ملاقات کی۔ پاکستان میں جرمنی کی سفیر اینا لیپل بھی ملاقات میں شریک تھیں۔
ملاقات میں پاک جرمن تعلقات، مذہبی آزادی، بین المذاہب ہم آہنگی، مذہبی رواداری اور اقلیتوں کے حقوق کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے کہا کہ پاکستان بین المذاہب ہم آہنگی، مذہبی رواداری اور تمام مذاہب کے پیروکاروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب کے پیروکاروں اور اقلیتوں کے حقوق آئین کے تحت محفوظ ہیں اور حکومت ان کے مذہبی، سماجی اور معاشرتی حقوق کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیے نوجوانوں کو سیرت رسول ﷺ کی تعلیمات سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے، وزیر مذہبی امور سردار یوسف
وفاقی وزیر نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر نفرت انگیز اور مذہب مخالف مواد کی روک تھام کے لیے وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی میں خصوصی سیل قائم کیا گیا ہے، جو مذہبی منافرت کے تدارک اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے کام کر رہا ہے۔
سردار محمد یوسف نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی غیر مسلم آبادی کے اہم مذہبی تہوار سرکاری سطح پر منائے جاتے ہیں۔ وزارت مذہبی امور ملک بھر میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے سیمینارز، کانفرنسوں اور دیگر تقریبات کا انعقاد بھی کر رہی ہے، جن کا مقصد مختلف مذاہب کے پیروکاروں کے درمیان باہمی احترام، برداشت اور مکالمے کی فضا کو فروغ دینا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزارت کی جانب سے غیر مسلم نادار افراد کی مالی معاونت اور مستحق طلبہ کے لیے تعلیمی وظائف بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔ غیر مسلم یتیم بچیوں کو شادی گرانٹ مہیا کی جاتی ہے، جبکہ غیر مسلم عبادت گاہوں کی مرمت اور بحالی کے لیے بھی خصوصی فنڈ مختص ہے۔
جرمن کمشنر برائے مذہبی آزادی تھامس ریچل نے وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزارت کا نام اور کام دونوں منفرد اور لائق تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی امن کے فروغ کے لیے مذاہب کے درمیان باہمی احترام، برداشت اور مسلسل مکالمہ ناگزیر ہے۔
یہ بھی پڑھیے پاکستان میں مذہبی اقلیتوں کو مکمل حقوق حاصل ہیں، وفاقی وزیر سردار یوسف
تھامس ریچل نے مذہبی آزادی، بین المذاہب ہم آہنگی اور رواداری کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مختلف مذاہب کے پیروکاروں کے درمیان باہمی احترام اور افہام و تفہیم کو فروغ دے کر عالمی سطح پر امن اور ہم آہنگی کے مقاصد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
ملاقات کے دوران مذہبی آزادی، رواداری، بین المذاہب ہم آہنگی اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے پاکستان اور جرمنی کے درمیان تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ فریقین نے اس امر پر بھی زور دیا کہ مذاہب کے درمیان مکالمے اور باہمی احترام کو فروغ دے کر معاشروں میں امن، برداشت اور ہم آہنگی کو مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے۔














