نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف علاقوں میں سیلاب کا الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ 17 ستمبر تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، پنجاب اور بلوچستان کے بعض علاقوں میں بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا بھی امکان ہے۔
مزید پڑھیں: 14 سے 17 ستمبر تک گرج چمک کے ساتھ بارشیں، این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا
اتھارٹی نے خبردار کیاکہ گلگت بلتستان کے علاقوں گلگت، دیامر، غذر، اشکومن، گوپس یاسین، نگر، ہنزہ، شمشال، اسکردو اور شگر کے علاقوں میں اچانک سیلاب آسکتا ہے۔
خیبرپختونخوا میں اپر دیر، سوات، باجوڑ، ملاکنڈ، کرم، کوہستان، مہمند اور اورکزئی کے علاقے بھی سیلاب کے خطرے سے دوچار ہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق بلوچستان کے علاقوں ژوب، شیرانی اور موسیٰ خیل میں سیلاب کا خدشہ ہے، جبکہ اسلام آباد اور پنجاب کے بعض علاقوں، جن میں راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور شیخوپورہ شامل ہیں، میں شہری سیلاب کا امکان ہے۔
اتھارٹی نے بتایا کہ تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی الرٹ جاری کرکے ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
ادارے کے مطابق این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) کی جانب سے ممکنہ خطرات کا پیشگی جائزہ لیا جا رہا ہے اور عوام و متعلقہ اداروں کو بروقت الرٹس کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں کو شدید بارش کے دوران برساتی نالوں، زیر آب سڑکوں، پلوں اور نشیبی راستوں کو عبور کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ عوام کو موسم سے متعلق مصدقہ معلومات، ممکنہ خطرات اور حفاظتی اقدامات سے آگاہی کے لیے ’پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ‘ ایپ استعمال کرنے کا بھی مشورہ دیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی این ڈی ایم اے کو امدادی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے این ڈی ایم اے کو ہدایت کی ہے کہ جاری مون سون کے دوران شدید بارشوں اور ممکنہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد اور انہیں ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
این ڈی ایم اے کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کو شدید بارشوں اور ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے کی جانے والی تیاریوں پر بریفنگ دی۔
وزیراعظم نے متعلقہ محکموں کو بارشوں کے دوران رابطہ سڑکوں اور پلوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور امدادی سامان کی ترسیل کے لیے رابطہ کاری مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے این ڈی ایم اے کو صوبائی حکومتوں اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز (پی ڈی ایم ایز) کے ساتھ مؤثر رابطہ کاری برقرار رکھنے کی بھی ہدایت کی۔
این ڈی ایم اے کے چیئرمین نے وزیراعظم کو جاری مون سون کے متوقع رجحان اور صوبوں و متعلقہ اداروں کے تعاون سے کی جانے والی مجموعی تیاریوں سے آگاہ کیا۔
مزید پڑھیں: سیلاب متاثرہ علاقوں میں عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے، وزیراعظم کی این ڈی ایم اے کو ہدایت
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کی جانب سے پیشگی تیاریوں کی ہدایات کے نتیجے میں متعلقہ ادارے مون سون کی صورتحال کی زیادہ مؤثر انداز میں نگرانی اور بہتر اقدامات کرنے کے قابل ہوئے ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک بھر میں تمام متعلقہ ادارے ہنگامی موسمی صورتحال پیدا ہونے کی صورت میں امدادی اور بچاؤ کی کارروائیوں کے لیے تیار ہیں۔














