نوجوانوں کو سیرت رسول ﷺ کی تعلیمات سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے، وزیر مذہبی امور سردار یوسف

بدھ 26 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے زیر اہتمام قومی سیرت کانفرنس اور رحمتُ للعالمین اتھارٹی کے اشتراک سے پہلی سالانہ محفلِ حمد و نعت اور سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف اور رحمتُ للعالمین اتھارٹی کے چیئرمین خورشید احمد ندیم تھے۔

تقریب میں صدر نیشنل پریس کلب عبدالرزاق سیال، سیکریٹری ڈاکٹر فرقان راؤ، معروف صحافی و اینکر سبوخ سید، معروف مذہبی اسکالر مفتی ڈاکٹر سید ریاست حسین شاہ، معروف اسکالر علامہ ساجد حسین کے علاوہ ملک بھر سے معروف قراء، نعت خوانوں، صحافیوں اور ان کے اہل خانہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

مزید پڑھیں: سیرت النبیؐ کا پیغام نئی نسل تک پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے: سردار محمد یوسف

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ سیرت النبی ﷺ ہمارے لیے مکمل ضابطۂ حیات ہے اور نئی نسل کو حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات، اخلاق، کردار اور اسوۂ حسنہ سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نوجوانوں کی ایک بہت بڑی تعداد موجود ہے، اگر اس نوجوان آبادی کو سیرت رسول ﷺ کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے تو انہیں مثبت، تعمیری اور صحت مند سرگرمیوں میں مؤثر طور پر شامل کیا جا سکتا ہے۔

وفاقی وزیر نے پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس حوالے سے بھی بھرپور بات کرنی چاہیے۔ سیرت النبی ﷺ ہمیں عدل، رواداری، انسانی احترام اور مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کے حقوق کے تحفظ کی تعلیم دیتی ہے۔ پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اور ان کے احترام کو یقینی بنانا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔

رحمتُ للعالمین اتھارٹی کے چیئرمین خورشید احمد ندیم نے کہا کہ سیرت النبی ﷺ کو نئی نسل تک محض ایک مذہبی موضوع کے طور پر نہیں بلکہ ایک مکمل اخلاقی، سماجی اور انسانی رہنمائی کے طور پر پہنچانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی سیرت میں عدل، رحمت، عفو و درگزر، برداشت، رواداری اور انسان دوستی کا جامع پیغام موجود ہے، جسے نوجوان نسل تک مؤثر انداز میں پہنچانا وقت کا تقاضا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں اور نوجوانوں کی ایسی سرگرمیوں میں حوصلہ افزائی ضروری ہے جن کے ذریعے ان میں خود اعتمادی، اخلاقی شعور، برداشت، رواداری، محبت اور خدمتِ خلق کے جذبات پیدا ہوں۔ نعت خوانی اور سیرت النبی ﷺ سے متعلق سرگرمیاں نئی نسل کی فکری اور اخلاقی تربیت کا مؤثر ذریعہ ہیں۔

معروف صحافی اور اینکر سبوخ سید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بچوں اور نوجوانوں کے درمیان مثبت، علمی، ادبی اور دینی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو ایسی سرگرمیوں کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں جو ان کے اعتماد، اظہارِ خیال، تخلیقی صلاحیتوں اور اخلاقی تربیت میں معاون ثابت ہوں۔ انہوں نے کہا کہ نعت خوانی اور سیرت النبی ﷺ سے متعلق سرگرمیاں بچوں کو اپنی دینی، تہذیبی اور اخلاقی اقدار سے جوڑنے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔

معروف مذہبی و روحانی شخصیت مولانا قاری سید اکبر علی شاہ نے پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کرائی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہمیں سیاست اور مذہب دونوں میں فرقہ واریت، نفرت اور انتشار سے پاک ماحول قائم کرنا ہوگا۔ اختلافِ رائے کے باوجود باہمی احترام، برداشت، اخوت اور اتحاد کو فروغ دے کر ہی پاکستان کو مضبوط، پرامن اور مستحکم بنایا جا سکتا ہے۔

معروف مذہبی اسکالر مفتی سید ریاست حسین شاہ اور علامہ ساجد حسین نے بھی تقریب میں شرکت کی اور سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں معاشرے میں محبت، رواداری، اخوت، برداشت اور اخلاقی اقدار کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔

صدر نیشنل پریس کلب عبدالرزاق سیال نے کہا کہ محفلِ حمد و نعت اور سیرت النبی ﷺ کانفرنس کے انعقاد کا مقصد صحافی برادری اور ان کے بچوں کو سیرتِ طیبہ سے جوڑنا اور نئی نسل میں عشقِ رسول ﷺ، اسلامی اقدار اور مثبت سوچ کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پریس کلب مستقبل میں بھی علمی، ادبی، مذہبی اور سماجی نوعیت کی مثبت سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھے گا۔

سیکریٹری نیشنل پریس کلب ڈاکٹر فرقان راؤ نے کہا کہ صحافیوں کے بچوں کے درمیان نعت خوانی کا مقابلہ ایک مثبت اور قابلِ تحسین سرگرمی ہے، جس سے بچوں میں دینی شعور، خود اعتمادی، اظہارِ خیال اور صحت مند مسابقت کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔

مزید پڑھیں: عالمی سیرت النبیﷺ کانفرنس کی تیاریاں جاری، فلسطینی وفد اسلام آباد پہنچ گیا

تقریب کا خصوصی حصہ نیشنل پریس کلب کے ممبران کے 15 سال سے کم عمر بچوں کے درمیان نعت خوانی کا مقابلہ تھا، جس میں بچوں نے نہایت عقیدت، محبت اور اعتماد کے ساتھ بارگاہِ رسالت ﷺ میں نذرانۂ عقیدت پیش کیا۔ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بچوں میں انعامات اور اعزازات تقسیم کیے گئے جبکہ تمام شرکاء کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی۔

تقریب کے اختتام پر نعت خوانی کے مقابلے میں حصہ لینے والے بچوں اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے شرکاء میں انعامات اور اعزازات تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر پاکستان کی سلامتی، استحکام، خوشحالی اور ترقی، بین المذاہب ہم آہنگی اور امتِ مسلمہ کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

اسپانٹک چوٹی پر پاکستانی کوہ پیما ڈاکٹر اسما مشتاق کی میت کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری

مکہ دفاعی معاہدہ تاریخی دستاویز، سعودی ولی عہد پاکستان کے ساتھ آہنی دیوار کی طرح کھڑے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف

رحمت للعالمین و خاتم النبیین اتھارٹی کی ایک اور تحقیقی تصنیف نے قومی سطح پر نمایاں اعزاز حاصل کرلیا

پمز میں فائر سیفٹی خامیوں کی نشاندہی، ڈاکٹرز اور عملے کو فائر سیفٹی ٹریننگ بھی نہ مل سکی

‎پمز آتشزدگی: نومولود بچوں کو بچانے کے لیے کیا فائر سیفٹی پروٹوکول ہونا چاہیے تھا؟

ویڈیو

مولانا فضل الرحمان اور عمران خان کے حامی اپوزیشن اتحاد قبول کریں گے؟ پشاور کے شہریوں کی رائے

پی ٹی آئی اپنے بانی چیئرمین عمران خان کی رہائی کے لیے کوئی کوشش نہیں کر رہی، ایڈووکیٹ فیصل چوہدری

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دورہ تہران، ایک بار پھر ایران امریکا مذاکرت شروع ہونے کے امکانات روشن

کالم / تجزیہ

عام آدمی کے بیٹوں کا نوحہ

‘میں واپس آؤں گا’ سے تازہ ہونے والے دکھ

اِکّو اَلف تیرے دَرکار