پاکستانی فلم ساز سرمد کھوسٹ نے اپنی نئی فلم ’لالی‘ کے لیے ایک اور بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا۔ انہیں 15ویں ڈی سی ساؤتھ ایشین فلم فیسٹیول میں بہترین ہدایت کار کے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔
فیسٹیول کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر سرمد کھوسٹ کی کامیابی کا اعلان کیا گیا جس کے بعد ہدایت کار نے بھی سوشل میڈیا پر اپنی ٹیم کے ساتھ یہ خوشخبری شیئر کی۔
View this post on Instagram
سرمد کھوسٹ نے ایوارڈ ملنے پر ’لالی‘ کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا جو گزشتہ 15 برس سے پاکستانی کہانیوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔
یہ پہلا موقع نہیں جب سرمد کھوسٹ نے ڈی سی ساؤتھ ایشین فلم فیسٹیول میں بہترین ہدایت کار کا اعزاز حاصل کیا ہو۔ اس سے قبل 2022 میں فلم ’کملی‘ پر بھی انہیں یہی ایوارڈ دیا گیا تھا۔
سرمد کھوسٹ نے ٹیلی ویژن سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور مقبول ڈرامہ ’ہم سفر‘ کی ہدایت کاری سے شہرت حاصل کی۔ بعد ازاں انہوں نے فلمی دنیا میں قدم رکھا اور منفرد موضوعات پر بننے والی فلموں کے ذریعے اپنی الگ پہچان بنائی۔

ان کی فلم ’زندگی تماشا‘ نے بوسان انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں کم جی سیوک ایوارڈ سمیت متعدد عالمی اعزازات حاصل کیے جبکہ اسے آسکرز کے لیے پاکستان کی باضابطہ انٹری بھی منتخب کیا گیا تھا۔
دوسری جانب ’لالی‘ رواں برس برلن انٹرنیشنل فلم فیسٹیول (برلنالے) میں نمائش کے لیے پیش ہونے والی پہلی مکمل طور پر پاکستانی پروڈیوس کردہ فیچر فلم بھی بن چکی ہے۔ فلم کو اب بی ایف آئی لندن فلم فیسٹیول میں نمائش کے لیے بھی منتخب کیا گیا ہے۔
سرمد کھوسٹ اور سندوس ہاشمی کی مشترکہ تحریر کردہ ’لالی‘ کی کہانی زیبا نامی نوجوان لڑکی کے گرد گھومتی ہے جسے اپنے تین سابق رشتوں کے پراسرار انجام کے بعد ’منحوس دلہن‘ قرار دے دیا جاتا ہے۔
سرمد کھوسٹ کے لیے یہ اعزاز عالمی سطح پر پاکستانی سنیما کی نمائندگی کے حوالے سے ایک اور اہم کامیابی قرار دیا جارہا ہے۔













