کوہاٹ میں نماز جمعہ کے دوران مسجد میں دھماکا، 15 نمازی جاں بحق، 40 سے زائد زخمی

جمعہ 18 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں نماز جمعہ کے دوران پرانی پولیس لائن کے قریب مسجد میں ہونے والے دھماکے اور اس کے بعد فائرنگ کے نتیجے میں 15 افراد جاں بحق جبکہ 40 سے زائد زخمی ہوگئے، جاں بحق افراد میں 5 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق ابتدائی معلومات میں سامنے آیا ہے کہ بارود سے بھری ایک گاڑی مسجد کی دیوار سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں زور دار دھماکا ہوا۔ دھماکے کے فوراً بعد 5 مسلح دہشتگرد جائے وقوعہ میں داخل ہوئے اور فائرنگ شروع کردی۔

ریسکیو 1122 کے مطابق دھماکے کے بعد پرانی پولیس لائن کے قریب سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ اب تک 15 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ 40 سے زائد زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بلوچستان: بارودی گاڑی کی تیاری کے دوران دھماکا، 8 دہشتگرد ہلاک، 3 شہری جاں بحق

ریسکیو ترجمان کے مطابق زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق آپریشن کو مزید مؤثر بنانے کے لیے کرک اور ہنگو سے اضافی ایمبولینسز اور ریسکیو اہلکار بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں۔ مجموعی طور پر 20 ایمبولینسز، ریسکیو گاڑیوں اور ریکوری وہیکل سمیت 60 سے زائد اہلکار سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا ہے جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ دھماکے کے بعد شواہد بھی اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

حکام کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور دھماکے کی مکمل نوعیت، حملے میں ملوث افراد اور ان کے ممکنہ سہولت کاروں سے متعلق معلومات جمع کی جا رہی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp