فیفا کے اربوں ڈالر کے ذخائر، یوئیفا اور کونکاکاف نے اپنا حصہ مانگ لیا

ہفتہ 19 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

یوئیفا اور کونکاکاف نے فیفا کے صدر جانی انفانٹینو سے ادارے کے بڑھتے ہوئے مالی ذخائر میں سے 2.1 ارب ڈالر یکمشت جاری کرنے کا مطالبہ کردیا، جس میں فیفا کی تمام 211 رکن ایسوسی ایشنز کو فٹبال کے فروغ اور بنیادی ڈھانچے کے لیے فنڈز دینے کی تجویز شامل ہے۔

دی نیوز کے مطابق یوئیفا کے صدر الیگزینڈر سیفرین اور کونکاکاف کے صدر وکٹر مونٹاگلیانی نے مشترکہ خط کے ذریعے جانی انفانٹینو سے مطالبہ کیا ہے کہ 2027 سے 2030 کے مالیاتی دور کے لیے فیفا کے ذخائر سے ایک مرتبہ کی رقم جاری کی جائے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق دونوں کنفیڈریشنز نے تجویز دی ہے کہ فیفا کی ہر رکن فٹبال ایسوسی ایشن کو ایک کروڑ ڈالر دیے جائیں، جس سے مجموعی طور پر 211 رکن ممالک کے لیے 2.11 ارب ڈالر کی رقم بنتی ہے۔ یہ رقم فٹبال کے بنیادی ڈھانچے اور ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کرنے کے لیے مختص کرنے کی تجویز ہے۔

رپورٹ کے مطابق فیفا کے مالی ذخائر 2023 سے 2026 کے مالیاتی دور کے اختتام تک تقریباً 6 ارب ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے۔ یوئیفا اور کونکاکاف کا مؤقف ہے کہ فیفا کے پاس اتنے بڑے ذخائر موجود ہیں کہ رکن ایسوسی ایشنز کو یہ رقم بیرونی سرمایہ کاری کے بغیر اپنے مالی وسائل سے فراہم کی جاسکتی ہے۔

یہ مطالبہ فیفا کے ایک متنازع نجی ایکویٹی منصوبے کے خاتمے کے بعد سامنے آیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت فیفا کے تجارتی ایونٹس میں تقریباً 20 فیصد حصص نجی سرمایہ کاری کے ذریعے فروخت کرنے کی تجویز زیر غور تھی، جس کی قیادت امریکی سرمایہ کار جوشوا کشنر سے منسلک نجی ایکویٹی گروپ کررہا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:فیفا صدر جیانی انفینٹینو کے خلاف سوئس عدالت میں مقدمے کی تیاری، یوئیفا نے شواہد طلب کر لیے

رپورٹ کے مطابق یوئیفا اور کونکاکاف کی جانب سے مالی ذخائر تقسیم کرنے کا مطالبہ فیفا کی قیادت اور مستقبل کی مالی حکمت عملی سے متعلق اختلافات کے پس منظر میں سامنے آیا ہے۔ دونوں کنفیڈریشنز کی جانب سے یہ دباؤ ایسے وقت میں بڑھایا گیا ہے جب فیفا کے آئندہ صدارتی انتخاب کی تیاری جاری ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp