وزیراعظم شہباز شریف جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک پہنچ گئے

پیر 21 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے مختصر پاکستانی وفد کے ہمراہ نیویارک پہنچ گئے۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے دورے کے دوران ان کے ہمراہ ہوں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف 25 ستمبر 2026 کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے، جس میں وہ علاقائی اور عالمی سلامتی کی بدلتی ہوئی صورتحال کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے اور مذاکرات، سفارت کاری اور تنازعات کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیں گے۔

وزیراعظم اپنے خطاب میں خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی فعال سفارتی و ثالثی کوششوں کو اجاگر کریں گے۔

اس کے علاوہ پائیدار ترقی، موسمیاتی تبدیلی، دہشت گردی کے خلاف جنگ، اسلاموفوبیا اور عالمی اقتصادی چیلنجز سمیت اہم عالمی امور پر پاکستان کی ترجیحات بھی پیش کریں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین میں طویل عرصے سے جاری قبضے اور عوام کو حق خودارادیت سے محروم کیے جانے کے مسائل پر عالمی برادری کی توجہ مبذول کرائیں گے۔

وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ترقی، موسمیاتی اقدامات اور دیگر اہم امور سے متعلق متعدد اعلیٰ سطحی اجلاسوں میں شرکت کریں گے اور ان میں پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔

اس کے علاوہ وزیراعظم اجلاس میں شرکت کے لیے موجود مختلف عالمی رہنماؤں اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp