وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے پاک سعودی برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ سعودی عرب کا ترقی اور تبدیلی کا سفر نہ صرف سعودی عوام بلکہ پاکستان کے لیے بھی باعث فخر اور قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی متحرک قیادت اور وژن کے تحت سعودی عرب خوشحالی، جدیدیت اور جدت کی جانب نمایاں پیشرفت کر رہا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو سعودی عرب کے ساتھ تاریخی اور گہری جڑیں رکھنے والی برادرانہ وابستگی پر فخر ہے، جو ایمان، باہمی اعتماد اور دونوں ممالک کے عوام کو جوڑنے والے مضبوط رشتوں پر قائم ہے۔
أطيب التهاني وأصدق التبريكات إلى خادم الحرمين الشريفين، جلالة الملك سلمان بن عبدالعزيز آل سعود، وإلى صاحب السمو الملكي ولي العهد الأمير محمد بن سلمان، وإلى الشعب السعودي الشقيق، بمناسبة اليوم الوطني للمملكة العربية السعودية.
إن المسيرة المتميزة للمملكة العربية السعودية في التقدم… https://t.co/7EKxBMPyi5
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) September 23, 2026
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان یہ برادرانہ تعلق اب ایک مضبوط اور پائیدار اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل ہو رہا ہے، جس کی بنیاد امن، سلامتی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے مشترکہ عزم پر ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب نے مشترکہ اسٹریٹجک دفاعی معاہدے اور حرمین شریفین کے دفاع سے متعلق مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:وفاقی کابینہ نے پاک سعودیہ اسٹریٹجک معاہدے کی توثیق کردی
شہباز شریف نے سعودی عرب کے خلاف حالیہ حوثی حملوں، بالخصوص مکہ مکرمہ کو ڈرون حملے کے ذریعے نشانہ بنانے کی کوشش کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مقدس مقامات کی حرمت اور سلامتی کو لاحق کوئی بھی خطرہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور اسلام کے مقدس ترین مقامات کے تحفظ کے لیے مملکت کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہے۔
وزیراعظم نے دعا کی کہ پاکستان اور سعودی عرب کی برادرانہ دوستی مزید فروغ پائے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط اور مستحکم ہوں۔
🇵🇰🤝🇸🇦 Heartiest Congratulations to the brotherly people of the Kingdom of Saudi Arabia on their National Day. We wish the Kingdom continued peace, prosperity and progress under the wise leadership.
Pakistan and Saudi Arabia share enduring bonds of faith, history and… pic.twitter.com/vlNWeJqoAR
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) September 23, 2026
دریں اثنا، وزارت خارجہ پاکستان نے بھی سعودی عرب کے قومی دن پر برادر ملک کی حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔
وزارت خارجہ نے اپنے پیغام میں سعودی عرب کے لیے مسلسل امن، خوشحالی اور ترقی کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مذہب، تاریخ اور برادرانہ تعلقات پر مبنی دیرینہ روابط ہیں، جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوتے جا رہے ہیں۔














