پی آئی اے مالدیپ کے لیے براہِ راست پروازیں کب شروع کرے گا؟

بدھ 23 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پی آئی اے نے اعلان کیا ہے کہ بیڑے میں نئے طیارے شامل ہوتے ہی مالدیپ کے لیے براہِ راست پروازیں شروع کی جائیں گی۔

پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر وائس مارشل محمد عامر حیات نے کہا ہے کہ پاکستان اور مالدیپ کے درمیان فضائی رابطے سے سیاحت، تجارت اور عوامی روابط کو فروغ ملے گا۔

پی آئی اے کے مطابق ایئر وائس مارشل محمد عامر حیات نے بدھ کو ایئرلائن کے ہیڈ آفس میں مالدیپ کی پارلیمنٹ کے اسپیکر عبدالرعیم عبداللہ کی سربراہی میں آنے والے اعلیٰ سطح کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کی۔

یہ بھی پڑھیں: مالدیپ کی امریکا ایران کشیدگی کم کرانے کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف

پی آئی اے کے بیان کے مطابق محمد عامر حیات نے کہا کہ جیسے ہی نئے طیارے پی آئی اے کے بیڑے میں شامل ہوں گے، مالدیپ کے لیے براہِ راست پروازیں شروع کر دی جائیں گی۔

مالدیپی وفد پاکستان کے سرکاری مہمان کی حیثیت سے دورہ کر رہا ہے، وفد میں مالدیپ کے ہائی کمشنر، سیکنڈ سیکریٹری، ڈپٹی لیڈر اور دیگر اعلیٰ حکام شامل ہیں۔

ملاقات کے دوران پاکستان اور مالدیپ کے درمیان براہِ راست فضائی آپریشن شروع کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مزید پڑھیں: مالدیپ کا اسموکنگ فری ملک بننے کا کارگر منصوبہ کیا ہے؟

پی آئی اے کے مطابق براہِ راست پروازوں کے آغاز سے دونوں ممالک کے درمیان سیاحت، تجارت اور عوامی روابط کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔

مالدیپ کی پارلیمنٹ کے اسپیکر عبدالرعیم عبداللہ نے کہا کہ بہتر فضائی رابطوں سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت، سیاحت اور عوامی روابط میں نمایاں پیش رفت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور مالدیپ کے درمیان براہِ راست پروازوں کا آغاز دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔

پی آئی اے اپنے فضائی بیڑے کو وسعت دینے اور جدید بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

اس سلسلے میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اس سے قبل بوئنگ گلوبل کے صدر ڈاکٹر برینڈن نیلسن سے ملاقات میں پی آئی اے کے بیڑے کی جدید کاری پر بھی تبادلہ خیال کیا تھا۔

ملاقات میں وزیر خزانہ نے نئے طیاروں کے حصول کے لیے نظرثانی شدہ تجویز پی آئی اے کو فراہم کرنے کی بوئنگ کی یقین دہانی کا خیرمقدم کیا۔

مزید پڑھیں: پاکستان مالدیپ کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے پرعزم ہے، شہباز شریف

اس کے علاوہ طیاروں کی جلد فراہمی کے امکانات اور عبوری طور پر طیارے لیز پر لینے کے انتظامات کا بھی جائزہ لینے پر اتفاق کیا گیا۔

محمد اورنگزیب نے پی آئی اے کی نجکاری اور بڑے ہوائی اڈوں کے انتظامی امور آؤٹ سورس کرنے کے منصوبوں پر بھی روشنی ڈالی۔

انہوں نے ایوی ایشن سیفٹی کی استعداد کار، ریگولیٹری روابط اور امریکا کے لیے براہِ راست پروازوں کی بحالی کے سلسلے میں بوئنگ کے تعاون کو سراہا اور پاکستان میں ہوا بازی کے شعبے میں طویل مدتی ترقی کے امکانات کو اجاگر کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp