پاکستان کی افغانستان سے ڈرون حملے کی شدید مذمت، 10 مقامات پر جوابی کارروائی

جمعرات 24 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان نے 23 ستمبر کو افغان سرزمین سے پاکستان میں ڈرونز حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کے مطابق پاکستان کے فضائی دفاعی نظام نے تمام درانداز ڈرونز کا سراغ لگا کر انہیں اپنے ممکنہ اہداف تک پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کردیا۔

مزید پڑھیں:ڈرونز سے ایران کی نگرانی، کیا کسی بڑے حملے کی خفیہ تیاریاں ہورہی ہیں؟

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنے دفاع کے حق کو استعمال کرتے ہوئے افغانستان میں ڈرونز کی لانچنگ اور ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال ہونے والے 10 مقامات پر فضائی اور ڈرون حملے کیے۔ ان کے مطابق کارروائیاں شناخت شدہ فوجی اہداف تک محدود، درست اور متناسب تھیں۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان طویل عرصے سے افغان طالبان حکومت اور اس کے رابطہ کاروں کو افغان سرزمین پر دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہوں اور ان کے معاون نیٹ ورکس سے متعلق اپنے تحفظات سے آگاہ کرتا رہا ہے، تاہم ان نیٹ ورکس کے خلاف مؤثر اور قابلِ تصدیق کارروائی کے بجائے صورتحال کو پاکستان کے خلاف ڈرون کارروائیوں کے ذریعے مزید کشیدہ کیا گیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان افغان سرزمین سے دہشتگرد گروہوں یا افغان طالبان حکومت کی جانب سے کیے جانے والے حملوں کو قبول نہیں کرے گا اور ملکی خودمختاری کی کسی بھی خلاف ورزی کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

مزید پڑھیں:افغان طالبان رجیم کے 8 ڈرونز پاکستانی حدود میں داخل، ایئر ڈیفنس نے تمام مار گرائے

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی نہیں چاہتا اور علاقائی امن، مذاکرات اور تعمیری روابط کے لیے پرعزم ہے، تاہم اس عزم کو کمزوری یا دشمنانہ کارروائیوں کو لامحدود برداشت کرنے سے تعبیر نہ کیا جائے۔

ان کے مطابق پاکستان اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا، جبکہ افغان طالبان کی جانب سے کسی بھی مزید اشتعال انگیز اقدام کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp