امریکا چین کشیدگی میں کمی کی کوشش، ٹرمپ کیجانب سے شی جن پنگ کا شانداراستقبال

جمعرات 24 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی صدر شی جن پنگ کا واشنگٹن میں خیرمقدم کیا، دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں تجارت، ٹیکنالوجی، تائیوان اور ایران سمیت اہم معاملات زیر بحث آنے کا امکان ہے، جبکہ امریکا اور چین نے تجارتی جنگ بندی جنوری تک بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

رائٹرز کے مطابق شی جن پنگ تقریباً 3 سال بعد پہلی مرتبہ امریکا پہنچے ہیں، جہاں صدر ٹرمپ نے میری لینڈ میں جوائنٹ بیس اینڈریوز پر ان کا ذاتی طور پر استقبال کیا۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں اور ان کی اہلیاؤں نے مصافحہ کیا، کچھ دیر گفتگو کی اور تصاویر بنوائیں، جبکہ فوجی بینڈ نے موسیقی پیش کی اور توپوں کی سلامی دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:ٹرمپ، شی جن پنگ ملاقات سے قبل امریکا اور چین کے درمیان اہم مذاکرات کا آغاز

امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے بتایا کہ دونوں ممالک نے تجارتی جنگ بندی میں توسیع پر اتفاق کیا ہے۔ یہ جنگ بندی پہلے 10 نومبر کو ختم ہونا تھی، تاہم اب اسے 10 جنوری تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تجارتی کشیدگی میں کمی سے عالمی منڈیوں کو بھی کچھ استحکام ملنے کی توقع کی جارہی ہے۔ 2025 میں امریکا اور چین کے درمیان ٹیرف جنگ کے دوران دونوں ممالک نے ایک دوسرے کی مصنوعات پر انتہائی بلند محصولات عائد کیے تھے۔

تاہم دونوں ملکوں کے درمیان اہم اختلافات بدستور موجود ہیں۔ نایاب معدنیات اور کمپیوٹر چپس کی برآمدی پابندیوں، چین کے ایران سے تعلقات اور تائیوان کے معاملے پر دونوں حکومتوں کے مؤقف مختلف ہیں۔

چینی صدر شی جن پنگ نے اپنے تحریری بیان میں کہا کہ چین اور امریکا کو حریف نہیں بلکہ شراکت دار ہونا چاہیے، تاہم بیان میں تجارتی معاہدے کا ذکر نہیں کیا گیا۔

رائٹرز کے مطابق جمعرات کو ہونے والی بات چیت میں مخصوص شعبوں میں محصولات کم کرنے، منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف تعاون، دونوں ممالک کی افواج کے درمیان رابطے بڑھانے اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں مذاکرات کے امکانات موجود ہیں۔

3 روزہ دورے کے دوران شی جن پنگ کے اعزاز میں ریاستی عشائیہ بھی دیا جائے گا، جس میں ایپل کے ٹم کک، اینویڈیا کے جینسن ہوانگ اور اوپن اے آئی کے سیم آلٹمین سمیت ٹیکنالوجی کمپنیوں کے سربراہان کی شرکت متوقع ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp