آزاد جموں و کشمیر کے نئے صدر کے انتخاب کے لیے قانون ساز اسمبلی میں ووٹنگ کا عمل شروع ہوگیا، جہاں مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار ڈاکٹر محمد نجیب نقی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار چودھری لطیف اکبر کے درمیان مقابلہ ہے۔
آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس اسپیکر چودھری طارق فاروق کی زیر صدارت جاری ہے، جبکہ صدارتی انتخاب کے لیے پولنگ دوپہر ایک بجے تک جاری رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر حکومت سازی: اہم عہدوں پر تینوں ڈویژنز کی نمائندگی نواز شریف کا درست فیصلہ
صدارتی انتخاب مکمل ہونے کے بعد نو منتخب صدر اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
ایوان میں مسلم لیگ ن کو اکثریت حاصل ہے، جبکہ ایک اتحادی سمیت مسلم لیگ ن کے ارکان کی تعداد 32 ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے ارکان کی تعداد 14 ہے۔
آزاد کشمیر کے صدر کے انتخاب کے لیے قانون ساز اسمبلی میں کسی امیدوار کو کامیابی کے لیے 27 ارکان کی حمایت حاصل کرنا ضروری ہے۔
صدارتی انتخاب کے لیے ووٹنگ مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کی جائے گی اور کامیاب امیدوار کا اعلان کیا جائے گا۔














