15 برس سے زیر التوا اسلام آباد ماڈل جیل منصوبہ تکمیل کے مرحلے میں پہنچ گیا، جس کے بعد حکومت نے منصوبے کا اگلے ماہ افتتاح کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری کی زیر صدارت اہم اجلاس میں اسلام آباد ماڈل جیل منصوبے پر جاری کام اور پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں ماڈل جیل کی تعمیر تکمیل کے مراحل میں، وزیرداخلہ نے ڈیڈلائن دیدی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے منصوبے کے باقی ماندہ تمام کام جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ افتتاح سے قبل تعمیراتی، انتظامی اور دیگر تمام ضروری امور ہر صورت مکمل کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ماڈل جیل منصوبے کی تکمیل کے لیے تمام ضروری اقدامات بروقت یقینی بنائے جائیں اور کسی بھی سطح پر غیر ضروری تاخیر نہ کی جائے۔
15 برس سے زیر التواء اسلام آباد ماڈل جیل پراجیکٹ تکمیل کے قریب، اگلے ماہ افتتاح کا فیصلہ،،اسلام آباد کے تمام قیدی جلد اڈیالہ جیل سے اسلام آباد جیل منتقل ہو جائیں گے ۔۔۔ pic.twitter.com/xOjxTPsRsp
— Abdul Rauf Bazmi (@RaufBazmi) September 24, 2026
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ 15 برس سے زیر التوا ماڈل جیل منصوبے کی تکمیل میں اب مزید تاخیر کی کوئی گنجائش نہیں۔ تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے کے ساتھ کام کرتے ہوئے منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کریں۔
اجلاس میں ماڈل جیل کے باقی ماندہ تعمیراتی کاموں، انتظامی امور اور افتتاح سے متعلق تیاریوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
مزید پڑھیں: محسن نقوی کے اسلام آباد میں مختلف منصوبوں کے دورے، پولیس اور جیل نظام میں بہتری کی ہدایات
وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے اجلاس کو منصوبے پر جاری پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ماڈل جیل منصوبے پر کام کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ منصوبے کی تکمیل کے عمل کی خود نگرانی کر رہے ہیں اور پیشرفت کا جائزہ لینے کے لیے ہر ہفتے ماڈل جیل کا دورہ بھی کر رہے ہیں۔
طلال چوہدری نے کہا کہ تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر ماڈل جیل منصوبے کو مقررہ وقت میں مکمل کرایا جائے گا۔














