امریکی محکمہ خارجہ نے مشتبہ ویزا فراڈ اور امریکی ویزوں کے غلط استعمال کی نشاندہی اور روک تھام کے لیے عوام کے لیے آن لائن پورٹل لانچ کردیا۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق عوام اس نئے آن لائن ٹول کے ذریعے مشتبہ ویزا فراڈ سے متعلق اہم معلومات جمع کراسکیں گے، جن کا فوری جائزہ لے کر کارروائی کی جائے گی۔
محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کی دوسری مدت کے دوران دسیوں ہزار ویزا فراڈ کرنے والوں کی نشاندہی اور ان کے خلاف کارروائی عوام کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کی مدد سے ممکن ہوئی۔
بیان کے مطابق محکمہ خارجہ کا بیورو آف قونصلر افیئرز امریکا کا سفر جعلی ذرائع یا غیر قانونی مقاصد کے لیے کرنے کی کوششوں کو روکنے کے لیے فراڈ کی سختی سے نشاندہی اور اس کی روک تھام کی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
🔴 Senator Marco Rubio has officially launched a VISA FRAUD reporting portal for Americans to report instances of abuse against native-born workers in favor of foreign labor, as well as student and tourist visa fraud.
Track important policy changes with https://t.co/ywukcUW9tj,…
— Open Source Intelligence (@osint42) September 23, 2026
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق ویزا فراڈ میں جعلی دستاویزات یا سفری منصوبوں کا استعمال، دلالوں کے ذریعے جعلی شادیاں، فرضی کمپنیاں، جعلی ملازمتوں کی پیشکش اور پیدائش کے مقصد سے امریکا کا سفر کرنے یا اس میں سہولت فراہم کرنے سمیت دیگر طریقے شامل ہوسکتے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ویزا فراڈ صرف امریکی حکومت کو دھوکا دینے تک محدود نہیں بلکہ اس سے امریکی معاشرہ اور معیشت متاثر ہوتی ہے، امریکی کارکنوں کے مفادات کو نقصان پہنچتا ہے جبکہ قومی سلامتی اور عوامی تحفظ بھی خطرے میں پڑتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:جنوبی افریقہ نے امریکی ویزا پابندیاں مسترد کردیں، قوانین مسخ کرنے کا الزام
محکمہ خارجہ نے کہا کہ امریکی قوانین کا مکمل نفاذ کیا جارہا ہے اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی، جس میں ویزے منسوخ کرنا اور فراڈ کے معاملات کو مزید قانونی تحقیقات کے لیے متعلقہ اداروں کو بھیجنا بھی شامل ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ نے مشتبہ ویزا فراڈ اور ویزوں کے غلط استعمال سے متعلق معلومات رکھنے والے افراد کو آن لائن پورٹل کے ذریعے اطلاع دینے کی ترغیب دی ہے۔














