ایشین گیمز: پاکستان کبڈی میں پہلی مرتبہ کوئی میڈل جیتنے میں ناکام، ایران سے شکست پر مقابلے سے باہر

جمعرات 24 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایشین گیمز کے مردوں کے کبڈی مقابلوں میں پاکستان کو گروپ ‘بی’ کے اپنے آخری میچ میں دفاعی چیمپیئن ایران کے ہاتھوں 30-51 کی بھاری شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے جس کے ساتھ ہی قومی ٹیم ایشین گیمز کی تاریخ میں پہلی بار سیمی فائنل میں پہنچنے میں ناکام ہو کر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایشین گیمز: پاکستان کے 2 اسکواش کھلاڑی پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے، کبڈی ٹیم کو پہلی شکست

پاکستان اپنے گروپ کے 4 میچوں میں سے صرف 2 میں فتح حاصل کر سکا اور ناک آؤٹ مرحلے میں کوالیفائی کرنے کے لیے درکار نتائج حاصل نہ کر سکا۔

پاکستان نے اپنے سفر کا شاندار آغاز کرتے ہوئے پہلے میچ میں ملائیشیا کو 22-65 سے شکست دی اور اس کے بعد نیپال کو ہرا کر گروپ ‘بی’ میں اپنی پوزیشن مضبوط کی تھی۔

تھائی لینڈ کے ہاتھوں اپ سیٹ

توکائی سٹیزن جمنیزیم میں کھیلے گئے میچ میں تھائی لینڈ نے بڑا اپ سیٹ کرتے ہوئے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 45-48 سے ہرا دیا۔ پہلے ہاف تک پاکستان کو 31-32 کی معمولی برتری حاصل تھی لیکن دوسرے ہاف میں تھائی لینڈ نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 17 پوائنٹس حاصل کیے جبکہ پاکستان صرف 13 پوائنٹس بنا سکا۔

ایران کے خلاف اہم معرکہ

سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے پاکستان کو ایران کے خلاف ہر صورت فتح یا بہتر نتیجے کی ضرورت تھی تاہم ایران نے یکطرفہ مقابلے کے بعد پاکستان کو 30-51 سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا۔

تاریخی تسلسل ٹوٹ گیا

یاد رہے کہ کبڈی سنہ 1990 سے ایشیائی کھیلوں کا مستقل حصہ ہے اور پاکستان نے اس کے بعد سے ہونے والے ہر ایڈیشن میں کم از کم سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔

مزید پڑھیے: پنجاب میں کھیلوں کا انقلاب: مریم نواز کا اسپورٹس سٹی بنانے اور 2026 کو یوتھ کا سال قرار دینے کا اعلان

پاکستان نے ایشین گیمز کبڈی کی تاریخ میں اب تک 7 کانسی اور 2 چاندی کے تمغے حاصل کیے ہیں لیکن اس شکست کے بعد تاریخ میں پہلی بار پاکستان کبڈی میں بغیر کسی میڈل کے وطن واپس لوٹے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp